1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلیئن مخلوق کی موجودگی یقینی: سٹیفن ہاکنگ

26 اپریل 2010

عالمی شہرت یافتہ برطانوی ماہرسماوی طبیعات سٹیفن ہاکنگ نے انکشاف کیا ہے کہ خلا میں یا کسی اور سیارے پر کسی اجنبی مخلوق کی موجودگی یقینی ہے اور اُن کے ساتھ رابطہ خطرناک ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/N62Y
تصویر: AP

برطانیہ کے معذور مگر فلکی فزکس کے انتہائی باکمال ماہر سٹیفن ہاکنگ کے نئے معلوماتی پروگرام کائنات یا یونیورس کی نشریات اگلے ماہ سے سائنسی معلومات کے ٹیلی ویژن چینل ڈسکوری سے نشر کرنے کی شیڈیولنگ کر دی گئی ہے۔ انٹرویز پر مبنی اِس معلوماتی دستاویزی پروگرام میں فلکی طبیعات کے ماہر نے انکشاف کیا ہے کہ ایلیئن یا غیر مانوس و اجنبی مخلوق کی موجودگی کے نظریے میں وزن اور منطق موجود ہے اور ان کی عدم موجودگی ایک غیر منطقی بات کہی جا سکتی ہے۔ ہاکنگ کا مزید کہنا ہے کہ یہ ایلیئن یا اجنبی مخلوق یقینی طور پر انتہائی ذہین ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس نامعلوم مخلوق کے ساتھ ممکنہ رابطوں کو خطرناک قرار دیا ہے۔

Stephen Hawking
سٹیفن ہاکنگ، اپنے کمپیوٹر کے ہمراہ: فائل فوٹوتصویر: AP

اڑسٹھ سالہ برطانوی ماہر طبیعات کو شہرت اُن کی کتاب ’وقت کی تاریخ‘ سے ملی تھی۔ اس کتاب کا دیباچہ مشہور امریکی فلکیاتی ماہر کارل ساگان نے تحریر کیا تھا۔ کائنات سے متعلق دستاویزی معلوماتی پروگرام میں ہاکنگ نے خیال ظاہر کیا ہے کہ زمین کے انتہائی بیرونی مدار تک خلا بازوں کی رسائی ایسے ہی ہے، جیسے کرسٹوفر کولمبس نے امریکہ دریافت کیا تھا۔ انہوں نے اس خیال کا بھی اظہار کیا کہ ماورائے خلا سے پرے جس مخلوق کا گمان ہو سکتا ہے، وہ مائکروبز (جرثوموں) یا پھر انتہائی چھوٹے جانوروں کی ہیئت میں بھی ہو سکتی ہے جبکہ اُن کی ترقی یافتہ شکل زمین کے خانہ بدوشوں جیسی ہونے کا امکان ہو سکتا ہے۔

اپریل ہی کے مہینے میں سٹیفن ہاکنگ نے امریکی ریاست ٹیکساس کا بھی دورہ کیا تھا۔ اس دورے کے دوران ایک طبییعاتی تحقیقی کمپلیکس کو اُن کے نام سے معنون کیا گیا تھا۔ اس ریسرچ سنٹر کو تعمیر کرنے والا ادارہ قدیمی امریکی اے اینڈ ایم یونیورسٹی ہے۔ سٹیفن ہاکنگ، امریکی ریاست ٹیکساس کے اس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے تحقیقی مرکز میں سن 1995ء سے سالانہ بنیادوں پر منعقدہ اجلاس میں شرکت کرتے چلے آ رہے ہیں۔ یونیورسٹی کے کیمپس کے اندر فزکس کی تحقیق کے لئے وقف یہ دوعمارتییں تراسی ملین ڈالر کی خطیر رقم سے تعمیر کی گئی ہیں، جس میں تیل کے ایک امریکی سوداگر جورج مچل کی جانب سے پینتیس ملین کا عطیہ بھی شامل ہے۔ اس بلڈنگ کے افتتاح کے موقع پر ہاکنگ اپنی وہیل چیئر پر براجمان تھے۔ اے اینڈ ایم یونیورسٹی کو امریکہ کی فلیگ یونیورسٹی قرار دیا جاتا ہے۔ اس یونیورسٹی میں فلکی طبیعاتی ریسرچ کے لئے امریکی خلائی ادارہ ناسا بھی خصوصی مالی مراعات دیتا ہے۔ اے اینڈ ایم یونیورسٹی ایک باقاعدہ سسٹم کے طور پر کام کرتی ہے۔ اس کی شاخیں کئی اور ملکوں میں بھی موجود ہیں۔

Ausstellung Monster & Mythen
غیر مانوس مخلوق کا تصوراتی خاکہتصویر: picture-alliance/ dpa

فزکس کے مشہور برطانوی ماہر سٹیفن ہاکنگ ایک ناقابل علاج بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس کو لُوگیہرنگ بیماری کہا جاتا ہے اور اس میں مبتلا شخص کا سارا وجود مفلوج ہو کر رہ جاتا ہے۔ کچھ ایسا ہی حال سٹیفن ہاکنگ کا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی