1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایف بی آئی بوسٹن حملوں کے مشتبہ ملزم کو مخبر بنانا چاہتی تھی، وکلائے دفاع

عاطف توقیر29 مارچ 2014

بوسٹن میراتھن بم حملوں کے مشتبہ ملزم جوہر سرنائیف کے وکلائے صفائی نے عدالت کو بتایا ہے کہ ایف بی آئی نے ان حملوں سے قبل ان کے مؤکل کے بڑے بھائی اور ایک دوسرے ملزم کو مسلم اور چیچن برادری کی مخبری کے لیے کہا تھا۔

https://p.dw.com/p/1BYGs
تصویر: Reuters

جمعہ 28 مارچ کو وکلائے دفاع کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ استغاثہ کو حکم دے کہ وہ جوہر سرنائیف کے بڑے بھائی تمرلین سرنائیف سے متعلق تمام شواہد اور ثبوت عدالت میں پیش کرے تاکہ اس مقدمے میں جوہر سرنائیف کو موت کی سزا سے بچایا جا سکے۔ خیال رہے کہ وکلائے دفاع اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ان حملوں کا اصل کردار تمرلین سرنائیف تھا۔

جوہر سرنائیف کے وکلاء کے مطابق وہ ایف بی آئی اور تمرلین کے درمیان ہونے والے تمام رابطوں کی تفصیلات چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ تمرلین کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی نے ان حملوں سے قبل تمرلین سرنائیف سے اس کی انٹرنیٹ سرچز سے متعلق پوچھ گچھ کی تھی جب کہ اس سے کہا تھا کہ وہ مسلم اور چیچن برادری سے متعلق ایف بی آئی کے لیے جاسوسی کرے۔

Dschochar Zarnajew Anschläge Boston Marathon Watertown
ان حملوں کے بعد سرنائیف کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/AP

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکا کے ہوم لینڈ سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی عہدیداروں نے سن 2011ء اور ممکنہ طور پر 2012ء میں تمرلین اور اس کے رابطوں کی نگرانی کی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق روسی حکومت کی جانب سے اس چیچن نسل باشندے کے شدت پسندی کی جانب چلے جانے کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد ایف بی آئی کی انسداد دہشت گردی کی مشترکہ ٹاسک فورسز نے تمرلین سے متعلق خدشات اور خطرات کا مطالعہ کیا تھا۔

وکلائے دفاع کا کہنا ہے کہ تمرلین کے رابطوں اور دیگر کمیونیکشن معلومات سے یہ بات واضح ہو جائے گی کی تمرلین نے ہی جوہر سرنائیف کو ان حملوں کے لیے اکسایا تھا اور وہی ان حملوں کا اصل مجرم تھا۔

وکلائے صفائی کے ان دعوؤں پر فی الحال ایف بی آئی کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ کہ گزشتہ برس ستمبر میں بوسٹن میراتھن کے دوران ایک دوہرے بم دھماکے میں تین افراد ہلاک جب کہ دیگر 260 زخمی ہو گئے تھے۔