1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایف اے ٹی ایف: پاکستان ابھی گرے لسٹ میں ہی رہے گا، ذرائع

21 جون 2021

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ہیڈ کوارٹرز پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا چار روزہ اجلاس 21 سے 25 جون  تک جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ پاکستان کو ابھی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہی رکھا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3vGv9
تصویر: FATF

فرانس میں ڈی ڈبلیو کے نمائندے یونس خان نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یورپین ممالک خاص کر میزبان ملک فرانس کی طرف سے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی سفارش کی جائے گی اور یہ موقف اختیار کیا جائے گا کہ پاکستان کی طرف سے تمام نکات پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو پایا ہے۔ یورپ کے دیگر ممالک بھی فرانس کے اس موقف کی تائید کریں گے۔

 اکتوبر تک گرے لسٹ میں

ذرائع کے مطابق پاکستان کو اکتوبر 2021ء تک اپنی گرے لسٹ میں رکھنے کے فیصلے کے ساتھ ساتھ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدمات کو سراہا بھی جائے گا اور منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے حوالے سے ہونی والی پاکستانی پیش رفت کا خیر مقدم بھی کیا جائے گا۔

پاکستان میں اس دوران کچھ افراد اور تنظیموں پر پاپندی لگی ہے اور مطلوب افراد کو گرفتار کر کے سزائیں بھی دی گئی ہیں، جنہیں پاکستان کی طرف سے بہترین اقدامات قرار دیا جا رہا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے مطابق پاکستان کو تمام پوائنٹس پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا اور یہ کہ ایف اے ٹی ایف حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ایف اے ٹی ایف کا ایک وفد بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، جہاں حکومتی اقدامات کا جائزہ لینے بعد رپورٹ مرتب کی جائے گی اور اس بنیاد پر آئندہ اجلاس میں جو چار مہینے بعد اکتوبر میں ہو گا، پاکستان کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

Proteste gegen Charlie Hebdo Karikaturen in Lahore Pakistan 15.01.2015
تصویر: Reuters/N. Ahmed

پاکستان کی طرف سے مثبت اقدامات

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 نکاتی ایکشن پلان پر اب تک 26 نکات پر عمل کیا ہے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے خلاف نہ صرف قوانین بنائے ہیں بلکہ اس پر عمل درآمد بھی کروایا ہے۔ اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے وابستہ افراد کی سرگرمیاں روکنے کے لیے بھی نمایاں اقدامات اٹھائے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے قانونی سازی سے متعلق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ پاکستان کی پارلیمان منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت کی روک تھام سے متعلق متعدد قوانین میں ضروری ترامیم کی منظوری دی چکی ہے۔

حکومت نے ایف اے ٹی ایف پر 12 رکنی قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کے ممبران میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت سے متعلق تمام اداروں کے سربراہاں اور ریگولیٹرز کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ اور وفاقی سیکرٹری خزانہ، امور خارجہ اور داخلہ شامل ہیں۔ ان میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر کسٹم، اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کے ڈی جی شامل ہیں۔ ساتھ ہی اسٹیک ہولڈرز کے مابین کوآرڈینیشن مقاصد کے لیے ایف اے ٹی ایف سکریٹریٹ بھی قائم کیا گیا ۔حکومت پاکستان 21 سے 25 جون تک جاری رہنے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس سے اچھی خبر کی امید کر رہی ہے۔

عالمی سیاست اور ایف اے ٹی ایف

عالمی سیاست ہمیشہ سے ایف اے ٹی ایف پر اثر انداز ہوتی رہی ہے اور اب بھی اس کے اثر انداز ہونے کی امکان ہے۔ پاکستان میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے سوال پر پارلیمنٹ میں بحث شروع کرنے کے ٹی ایل پی کے مطالبے پر حکومت کے اقدام نے مغربی دارالحکومتوں کے ساتھ پاکستان کے سفارتی فاصلے بڑھا دیے۔

فرانس ایف اے ٹی ایف کا ایک مؤثر رکن ہے اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ پاکستان کی پوزیشن کو کمزور بنا سکتا ہے۔ حال ہی میں برطانیہ نے پاکستان کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت کے روک تھام کے حوالے سے خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ تحریک لبیک پاکستان، فرانس پاکستان تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے یورپین یونین کے ساتھ تعلقات میں خرابی ایف اے ٹی ایف کی طرف سے فیصلوں پر نظر انداز ہو سکتی ہے۔

پاکستان اور فرانس کے تعلقات

پاکستان فرانس تعلقات اس وقت کم ترین سطح پر ہیں۔ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ فرانس پاکستان تعلقات میں خرابی کی وجہ فرانس میں شائع ہونے والے کارٹون ہیں لیکن حقیقت میں فرانس پاکستان تعلقات کی خرابی دیگر کئی وجوہات ہیں، جن میں سب سے بڑی وجہ بھارت اور فرانس کی قربت اور فرانس کی ہر فورم پر بھارت کی حمایت کرنا بھی ہے۔ اگست 2020 سے فرانس میں ابھی تک پاکستان کا کوئی بھی مستقل سفیر تعینات نہیں ہے۔ سابقہ سفیر معین الحق کی چین میں تعیناتی کے بعد یہاں پر قائم مقام سفیر سے ہی کام چلایا جا رہا ہے۔ اس وجہ سے فرانس میں پاکستانی موقف کو بہتر طور پر پیش نہیں کیا جا سکا ہے۔

کسی ملک کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کون کرتا ہے؟

کسی بھی ملک کو 'زیر نگرانی‘ یعنی گرے لسٹ میں رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ ایف اے ٹی ایف کا ایک ذیلی ادارہ 'انٹرنیشل کوآپریشن رویو گروپ‘ یعنی آئی سی آر جی کرتا ہے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایک بین الاقوامی ادارہ ہے، جس میں مختلف ممالک کی نمائندہ تنظیمیں شامل ہیں۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد بین الاقوامی مالیاتی نظام کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہے۔

پاکستان گرے لسٹ میں ہی رہے گا، ایف اے ٹی ایف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں