1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیز سیریز: برسبین ٹیسٹ برابر

29 نومبر 2010

روایتی حریفوں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ہی ختم ہو گیا تاہم برسبین میں کھیلے گئے اس میچ میں کئی نئے ریکارڈ بنے۔

https://p.dw.com/p/QL6K
تصویر: AP

انگلش بلے بازوں السٹیئر کوک اور جوناتھن ٹروٹ نےاس ٹیسٹ میچ میں کئی نئے ریکارڈ قائم کئے۔ اس ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن جب انگلینڈ نے 517 کے مجموعی سکور پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کی تو اس کا صرف ایک ہی کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔

آخری دن آسٹریلوی ٹیم کو جیتنے کے لئے297 رنز کا ہدف ملا، جو اسے اکتالیس اوورز میں عبور کرنا تھا۔ تاہم اسی وقت یہ یقین ہو گیا تھا کہ یہ میچ ڈرا ہو جائے گا۔ مقررہ اوورز سے پندرہ اوورز پہلے ہی دونوں کپتانوں نے میچ کو ڈرا قرار دے دیا۔ میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔

Matt Prior Andrew Strauss
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ تین دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگاتصویر: AP

انگلش ٹیم کی طرف سے اوپنر کوک نے دوسری اننگز میں ناقابل شکست 235 رنز بنائے۔ یہ ان کے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری تھی۔کوک کا یہ انفرادی سکور ایشیز سیریز کے دوران چھٹا بہترین سکور ہے۔ اسی طرح کوک نے برسبین کے گراؤنڈ ’گابا‘ میں سر ڈونلڈ بریڈ مین کے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

کوک کا ساتھ دینے والے دوسرے انگلش کھلاڑی ٹروٹ بھی آؤٹ ہوئے بغیر 135 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نےتیسری وکٹ کی شراکت میں 329 رنز بنائے، جو انگلش کرکٹ تاریخ کا 9 ویں بہترین پارٹنر شپ بن گئی ہے۔

ایشیز سیریز میں انگلش ٹیم کی طرف سے یہ کارنامہ بھی پہلی مرتبہ انجام دیا گیا کہ پہلے تینوں بلے بازوں نے سنچریاں بنائی ہوں۔ اس سے قبل کپتان اینڈریو سٹراؤس نے بھی سنچری مکمل کی تھی۔

آسٹریلوی ٹیم نے جب اپنی دوسری اننگز شروع کی تو سائمن کیٹچ جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ وہ پانچ رنز بنا کر سٹیورٹ بروڈ کی گیند پر سٹراؤس کو کیچ دے بیٹھے۔ تاہم بعد ازاں آسٹریلوی ٹیم کے لیے اچھا شگون یہ رہا کہ کپتان رکی پونٹنگ ایک مرتبہ پھر فارم میں نظر آئے، انہوں نے اپنی روایتی بیٹنگ کے جوہر دکھاتے ہوئے تینتالیس گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اکاون رنز بنائے۔ اسی طرح شین واٹسن نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ وہ بھی اکتالیس رنز پر ناٹ رہے۔

انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جبکہ اس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے 481 رنز بنائے تھے۔ اس وقت معلوم ہو رہا تھا کہ انگلش ٹیم یہ میچ ہار جائے گی لیکن مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 517 رنز بنا کر آسٹریلوی ٹیم کے تمام خواب چکنا چور کر دیے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں بہترین کھلاڑی انگلش بلے باز کوک قرار پائے۔ اب اس سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ تین دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید