ایشیا کپ میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو ہرا دیا
16 مئی 2009جنوبی کوریا نے پاکستان کو فائنل میں سخت مقابلے کے بعد ہرا کرآٹھواں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔کوانتن ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم نے متعدد مواقع ضائع کیے جس کے باعث 20برس بعد ایشیا کپ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ۔
پاکستان کے پنالٹی کارنر اسپیلسٹ سہیل عباس نے تنائو سے بھرپور میچ میں تین پنالٹی کارنر ضائع کیے جبکہ جنو بی کوریا کے کم ےونگ ہون نے شاٹ کارنر پر اپنی مہارت ثابت کرتے ہوے جب فیصلہ کن گول کیا تو کھیل ختم ہونے میں صرف چار منٹ باقی تھے۔ پاکستان کی جانب سے وقاص شریف اور ریحان بٹ نے گول کرنے کے یقینی مواقع گنوائے۔کوریا کی ٹیم نے کھیل کی رفتار سست رکھ کر پاکستانی فار وڈ لائن کی فائر پاور کو محدود کر دیا تھا۔
جنوبی کوریا نے 1994اور1999 کے بعد تیسری مرتبہ یہ ٹائٹل جیت کر اگلے برس بھارت میں ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے اس سال کے آخر میں ہونے والے کوالیفائنگ رائونڈ کی آزمائش سے گزرنا پڑے گا۔
اس سے پہلے کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں چین نے ملائشیاکو زور دار اور رونگٹے کھڑے کر دینے والے مقابلے کے بعد شکست دے کر 27برس بعد ایشیا کپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ مقررہ 70منٹ تک 3-3گول سے برابر رہنے کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی اسٹروکس کے ذریعے سڈن ڈیتھ پر ہوا۔چین کے گول کیپر سوئی رائی فنگ نے دو پنالٹی اسٹروکس روک کر پر اپنی ٹیم کو 7-6کے مارجن سے کامیابی دلائی۔
میزبان ملائشیاکی ٹیم میچ میں چھ بار برتری حاصل کرنے کے بعد اسے برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔ چین کی جانب سے کپتان سونگ یائی نے دو گول اسکور کیے۔ چین نے آخری مرتبہ 1982میں کراچی میں ہونے والے اولین ایشیا کپ میں وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کی تھی۔ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن بھارت نے پانچویں، جاپان نے چھٹی اور بنگلہ دیش نے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔کوریا کے یوہوسک کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔