1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران نے جوہری معاہدے کی پابندی کا امریکی مطالبہ رد کر دیا

28 جنوری 2021

امریکا کی طرف سے جوہری معاہدے میں واپسی سے قبل جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری کی شرط کو ایران نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کے اقدامات ’احتیاطی تدابیر‘ ہیں۔

https://p.dw.com/p/3oXCF
USA gegen Iran
تصویر: Fotolia/le0nmd

ایرانی جوہری معاہدہ طویل سفارتی کوششوں اور گفت و شنید کے بعد ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 ء میں طے پایا تھا، جس کے مطابق ایران نے اپنا جوہری پروگرام محدود کرنا تھا جس کے جواب میں اس پر لگی بین الاقوامی پابندیاں ختم کی جانا تھیں۔ تاہم سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018ء میں یکطرفہ طور پر اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ایران کے خلاف نہ صرف پابندیاں بحال کر دی تھیں بلکہ ان پابندیوں میں وقتاﹰ فوقتاﹰ اضافہ بھی کرتے رہے۔

اسرائیلی فوجی سربراہ کا ایران پر حملہ کرنے کے نئے منصوبوں کی تیاری کا حکم

خلیج میں کشیدگی بڑھتی ہوئی: ایران کی میزائل ڈرل کی تیاری

ایران جوہری معاہدے کا آخری موقع ضائع نہ کرے: جرمنی

نئے امریکی صدر جو بائیڈن نے 20 جنوری کو صدارتی حلف اٹھانے کے بعد سے ایسے بہت سے متنازعہ فیصلوں کو تبدیل کر دیا ہے جو ٹرمپ انتظامہ نے کیے تھے۔ بائیڈن انتظامیہ نے بدھ 27 جنوری کو جوہری معاہدے میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا۔ تاہم امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا صرف اسی صورت میں اس معاہدے میں واپس لوٹے گا جب ایران اس معاہدے کے حوالے سے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرتا ہے۔

'حقائق کی درستی، امریکا نے معاہدے کی خلاف ورزی کی‘

تاہم ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے آج جمعرات 28 جنوری کو امریکا کے اس مطالبے کو رد کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ اس معاہدے کی خلاف ورزی امریکا نے کی تھی لہٰذا اسے ہی پہل کرنی چاہیے۔

US-Präsident Donald Trump
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018ء میں یکطرفہ طور پر اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ایران کے خلاف نہ صرف پابندیاں بحال کر دی تھیں بلکہ ان پابندیوں میں وقتاﹰ فوقتاﹰ اضافہ بھی کرتے رہے۔تصویر: AFP/B. Smialowski

اپنے اس پیغام میں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں حقائق کو مد نظر رکھنا چاہیے، اس معاہدے کی خلاف ورزی امریکا نے کی، لہٰذا اب کس کو پہلا قدم اٹھانا چاہیے؟ جواد ظریف نے مزید لکھا کہ ٹرمپ کی انتہائی ناکامی کو مدنظر رکھا جانا چاہیے اور یہ کہ ایران نے اس معاہدے پر عمل کیا اور اس نے صرف 'احتیاطی تدابیر‘ کے طور پر اقدامات کیے۔

ایران کی طرف سے یورینیم کی افزودگی میں اضافہ

ایران نے رواں برس چار جنوری کو اعلان کیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی کی شرح میں اضافہ کر کے اسے 20 فیصد تک لے آیا ہے۔ یہ شرح جوہری معاہدے میں طے شدہ شرح 3.67 سے تو بہت زیادہ ہے مگر اس سے کہیں زیادہ کم ہے جو جوہری ہتھیار بنانے کے لیے درکار ہوتی ہے۔

تہران حکومت بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کر چکی ہے کہ اسے جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے پہل کرنی چاہیے اور یہ کہ اسے ایران کے خلاف لگائی گئی تمام تر پابندیاں ختم کرنا چاہییں۔

ا ب ا / ک م (اے ایف پی)