ایران میں پٹرول کی قیمت تین گُنا، کوٹا بھی مقرر
15 نومبر 2019ایران دنیا کے اُن چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں انتہائی کم ہیں۔ اس کی وجہ ایرانی کرنسی کی قدر میں گراوٹ کے علاوہ حکومت کی طرف سے دی جانے والی سبسڈیز بھی ہیں۔ اسی سبب ایران سے معدنی ایندھن کی ہمسایہ ممالک میں اسمگلنگ بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق پٹرول کی قیمت 10 ہزار ریال فی ليٹر سے بڑھا کر اب 15 ہزار ریال فی ليٹر کر دی گئی ہے۔ یہ قیمت 12.7 امریکی ڈالر فی ليٹر بنتی ہے۔ ساتھ ہی اس قیمت پر ہر ایک پرائیویٹ کار کو مہینے میں زیادہ سے زیادہ 60 ليٹر پٹرول فراہم کیا جائے گا۔ اگر اس سے زائد پٹرول کسی کو درکار ہو گا تو اسے 30 ہزار ریال فی ليٹر کی قیمت میں یہ خریدنا پڑے گا۔
ایران کے منصوبہ بندی اور بجٹ کے محکمے کے سربراہ محمد باقر نوبخت نے سرکاری ٹیلی وژن کو بتایا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اس اضافے سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ان 18 ملین خاندانوں کی مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا جو غربت کا شکار ہیں۔ افراد کی مجموعی تعداد قریب 60 ملین افراد بنتی ہے۔
ایران دنیا میں معدنی تیل کے سب سے زیادہ ذخائر رکھنے والے ممالک میں سے ایک ہے تاہم اسے گزشتہ کئی برسوں سے ملکی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے بھی مسائل کا سامنا ہے۔ اس کی ایک وجہ ایران میں آئل ریفائنریوں کی ناکافی تعداد بھی ہے اور ساتھ ہی بین الاقوامی پابندیوں کے سبب اسے ضروری آلات کی خریداری کی بھی اجازت نہیں ہے۔
ا ب ا / ع س (روئٹرز)