1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران: خاتون کا گینگ ریپ، پانچ مجرموں کو پھانسی دے دی گئی

9 اگست 2023

اسلامی جمہوریہ ایران میں پانچ افراد کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ ایرانی عدالت کے مطابق گزشتہ سال ملک کے شمال مغرب میں ان پانچوں ملزمان نے ایک خاتون کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

https://p.dw.com/p/4UxWa
Symbolbild Hinrichtung in Iran
تصویر: Christoph Hardt/Geisler-Fotopress/picture alliance

ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ 'میزان پر شائع ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ان مجرمان نے مئی 2022ء کے دوران ایک خاتون کو ایرانی شہر مرند سے اغوا کیا اور پھر متاثرہ خاتون کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

ویب سائٹ میزان کے مطابق خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے اس واقعے کے ٹھیک چار روز بعد ایک ملزم کو ملک کے مشرقی صوبے آذربائیجان سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں وہ کئی دیگر جرائم میں بھی ملوث تھا۔

ایران میں سزائے موت کے قیدی، انصاف کے منتظر

 

گزشتہ ماہ ایران میں ان تین افراد کو بھی‌پھانسی  دے دی گئی تھی، جنہوں نے ایک خاتون کو جعلی کاسمیٹک سرجری کلینک میں لے جا کر بے ہوش کیا اور پھر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ میزان کے مطابق یہ افراد ایرانی صوبے حرمزگان میں بھی سال 2021ء کے دوران خواتین پر جنسی حملے کرنے کی سازشوں میں ملوث رہے تھے۔

ایران میں سزائے موت کے خلاف کولون میں مظاہرہ
جرمنی شہر کولون میں ایرانی باشندوں کی طرف سے ایران میں سزائے موت کے رواج کے خلاف مظاہرہتصویر: Mitra Shodjaie/DW

 

انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق حالیہ کچھ عرصے کے دوران ایران میں پھانسی کے رجحان میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال چین کے بعد ایران میں سب سے زیادہ پھانسی کی سزاؤں پرعمل درآمد کیا گیا تھا۔ ایران میں سال 2022 ء کے دوران کم از کم 582 افراد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس بھی تہران حکومت اب تک کم از کم  282 افراد کو پھانسی دے چکی ہے۔ یہ تعداد گزشتہ سال جون تک دی جانے والی پھانسی کی سزاؤں  سے تقریبا دوگنا زیادہ ہے۔

 

اا/ ک م(اے ایف پی)