1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران: اس سال نوروز کے تہوار کے لیے عوام قناعت پر مجبور

19 مارچ 2024

اس سال ایران میں نوروز کے جشن کا آغاز بیس مارچ سے ہو رہا ہے۔ کئی عشروں سے پابندیوں سے متاثرہ اس ملک کے عوام اس بار یہ تہوار شدید اقتصادی مشکلات میں منا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4druy
Iran Nowruz Neujahr Frühlingsfest
تصویر: ATTA KENARE/AFP/Getty Images

لاکھوں ایرانی باشندے اس سال بُدھ بیس مارچ سے شروع ہونے والے نو روز کے جشن کو اپنے اہل خانہ اور دوست و احباب کے ساتھ منانے کے لیے سفر کر رہے ہیں۔ تاہم کئی دہائیوں سے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد ہونے کے سبب ایرانی عوام کے لیے مالی مشکلات بہت زیادہ بڑھ چُکی ہیں۔ اس سال جشن نو روز اقتصادی دباؤ میں منایا جا رہا ہے۔

بیس مارچ کو ایران میں ٹھیک صبح چھ بج کر چھتیس منٹ  اور چھبیس سیکنڈ پر  نو روز یا نئے سال کا آغاز ہو جائے گا۔ موسم بہار کے آغاز کا تعین فلکیاتی وقت کے مطابق ہوتا ہے۔

دنیا بھر میں کتنے لوگ نو روز مناتے ہیں؟

عالمی سطح پر جشن نو روز یا نئے سال اور موسم بہار کا جشن ایران، افغانستان، قزاقستان، ترکی، عراق شام اور ان ممالک سے تعلق رکھنے والے باشندے بشمول کُرد باشندے دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی رہتے ہوں یہ تہوار رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ مناتے ہیں۔ قریب 300 ملین لوگ نئے سال کی مبارکباد کا پیغام ایک دوسرے کو بھیجتے اور وصول کرتے ہیں۔ 

Iran Nowruz Neujahr Frühlingsfest
ایرانی باشندے ملک کے اندر اور بیرون ملک بھی نوروز کے لیے سفر کرتے ہیںتصویر: Fatemeh Bahrami/Andalou/picture alliance

خبر رساں ایجنسی نے متعدد افراد سے نوروز کے تہوار کے بارے میں ان کے تاثرات اکٹھا کیے۔ ان افراد نے اپنے مکمل نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہیں میں سے ایک تہران سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان خاتون مرجان نے کہا،''یہ سال کی سب سے اہم تعطیل ہے۔ اس موقع پر ہم اپنے پیاروں سے ملنے اور ان کے ساتھ جشن منانے کے لیے اپنی پریشانیوں کو بھول جاتے ہیں اور ایک بہتر سال کا خواب دیکھتے ہیں۔‘‘

نوروز کا رنگا رنگ تہوار اور بہار کی آمد

نوروز کے تہورار کی تاریخ

نوروز کا تہوار قریب تین ہزار سال سے منایا جا رہا ہے۔ اس کا آغاز ہر سال فلکیاتی وقت کے حساب سے ایک مخصوص دن، تاریخ، گھنٹے، منٹ اور سیکنڈ پر ہوتا ہے۔ نو روز کی تقریبات دو ہفتے تک جاری رہتی ہیں۔ ایرانی باشندے ملک کے اندر اور بیرون ملک بھی سفر کرتے ہیں۔ لوگ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ نوروز مناتے ہیں۔ ایران کی اقصادی صورتحال سے متاثرہ عوام کے لیے اس سال جشن منانے کے لیے کم وسائل موجود ہیں اس لیے اس سال ایرانیوں نے عید نوروز کے موقع پر دعوت و ضیافت کو محدود رکھنے کا پلان بنایا ہے۔

شمالی تہران کے تاجرش بازار میں خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے ایک 44 سالہ اکاؤنٹنٹ افشر نے کہا،''مہنگائی کی وجہ سے غذائی اشیاء بہت زیادہ مہنگی ہو گئی ہیں۔‘‘

ایک رئیل اسٹیٹ ایجنٹ، 28 سالہ قاسمی کے بقول،''صورتحال نہایت افسوسناک ہے۔‘‘ انہوں نے تہران حکومت سے صورتحال کو بہتر بنانے اور ملک کو بہتر طریقے سے سنبھالنے کا مطالبہ کیا۔

Iran Nowruz Neujahr Frühlingsfest
ایران میں مہنگائی بہت بڑھی ہوئی ہےتصویر: Shadati/Xinhua News Agency/picture alliance

گزشتہ سال ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ  خامنہ ای  نے اس امر کا اعتراف کیا تھا کہ عوام زیادہ قیمتوں، خاص طور سے خوراک اور بنیادی ضروریات کی وجہ سے تلخی محسوس کر رہے ہیں۔ اس کے سبب انہوں نے حکومت کو ''مہنگائی کنٹرول‘‘ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کو کہا تھا۔ ایرانی حکام اپنے ملک کی ہوش ربا مہنگائی کا ذمہ دار مغربی دنیا کی طرف سے تہران پر لگی اقتصادی پابندیوں کو قرار دیتے ہیں۔

ایران پر اقتصادی پابندیاں

 2018 ء میں امریکہ کی طرف سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ اُس وقت جب واشنگٹن نے یکطرفہ طور پر 2015 ء کے اُس معاہدے سے دستبرداری اختیار کی تھی جس میں تہران کے جوہری پروگرام پر روک تھام کے بدلے پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔ تب سے اسلامی جمہوریہ ایران اپنی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی اور قیمتوں میں اضافے کا شکار ہے۔

نوروز کے موقع پر ڈی ڈبليو کی چيف ايڈيٹر کا پيغام

اس صورتحال کے باوجود ایران میں 2023ء میں توقع سے زیادہ مضبوط نمو ریکارڈرکی گئی۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اندازہ لگایا ہے کہ گزشتہ سال ایران میں شرح نمو 5.4 فیصد تک پہنچ گئی اور آئی ایم ایف نے 2024 ء کی پیشن گوئی کرتے ہوئے نمو کی شرح 2.5 فیصد سے بڑھا کر 3.7 فیصد کر دی ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے حال ہی میں ''دشمن کی حکمت عملی‘‘ کی مذمت کی جس کا مقصد ''معاشرے میں مایوسی پیدا کرنا‘‘ ہے۔ ایرانی صدر نے یہ بیان یکم مارچ کے انتخابات کے دو ہفتے بعد دیا، جن میں ووٹرز ٹرن آؤٹ صرف 41 فیصد تھا، جو 1979 ء کے اسلامی انقلاب کے بعد سب سے اب تک سب سے تھا۔

Iran Nowruz Neujahr Frühlingsfest
ایران میں نو روز کے موقع پر رنگ برنگی اشیا اور سجاوٹ کی چیزیں نظر آتی ہیںتصویر: Shadati/Xinhua News Agency/picture alliance

ایران میں بہت سے ماہرین نے ووٹروں کے کم ٹرن آؤٹ کی وجہ عوامی عدم اطمینان کو قرار دیا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ اقتصادی مسائل کو قرار دیا ہے۔

ایران میں یہ مسلسل دوسرا سال ہے جس میں نوروز کا تہوار رمضان البمارک کے مہینے میں آیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ میں رمضان کے مہینے میں روزے کے اوقات کے دوران عوام میں کھانے پینے اور سگریٹ نوشی پر پابندی عائد ہوتی ہے۔ تاہم حالیہ برسوں میں حکام نے رمضان کے دوران ان سخت قوانین میں کچھ نرمی کی ہے۔

 

ک م/ ر ب (اے ایف پی ای)