اٹلی: وینس میں بدترین سیلاب کے بعد ایمرجنسی نافذ
13 نومبر 2019وینس شہر کے میئر لوئگی بُرگنارو نے 'تباہ کن‘ سیلابی ریلے کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ وینس میں آنے والے سیلابی ریلے کی اونچائی 74 انچ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل سن 1966ء میں اسی علاقے میں آنے والے سیلابی ریلے کی اونچائی 76 انچ تھی اور اسے ابھی تک کا سب سے بدترین سیلاب قرار دیا جاتا ہے۔
مئیر لوئگی بُرگنارو کا ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہنا تھا، ''صورت حال انتہائی ڈرامائی ہے۔ ہم نے مرکزی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔ لاگت بہت زیادہ ہو گی لیکن یہ موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا، ''سیلابی ریلا 74 انچ بلند ہے اور یہ قدرتی آفت انمٹ زخم پیچھے چھوڑ جائے گی۔‘‘
حالیہ کچھ دنوں کے دوران اٹلی کے زیادہ تر حصوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں اور ان کی وجہ سے بہت سے علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔
اطالوی شہر ماتیرا کو یورپ کا ثقافتی دارالحکومت کہا جاتا ہے لیکن شدید بارشوں نے رواں برس اس شہر کے غاروں پر مشتمل حصے کو پانی میں ڈبو دیا تھا جس کے باعث وہاں ہونے والا ثقافتی نقصان ناقابل تلافی ہے۔ اطالوی حکومت خود کو تیار کر رہی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید خراب موسمی حالات کی پشین گوئی کی ہے۔