1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی: مہاجرین کے لیے یونیورسٹی تعلیم کے سو وظائف مختص

انفومائگرینٹس
13 جولائی 2018

اطالوی حکومت نے آئندہ تعلیمی سال کے لیے ایسے مہاجرین کے لیے یونیورسٹی وظائف مختص کیے ہیں جنہیں اپنے ملک میں تعلیم نا مکمل چھوڑ کر ترک وطن کرنا پڑا تھا۔

https://p.dw.com/p/31N6x
Berlin Bildungsintegration Flüchtlinge Vorbereitungskurs Universität
تصویر: Getty Images/C. Koall

مہاجرین کے حوالے سے خبریں فراہم کرنے والے یورپی ادارے انفو مائیگرنٹس کے مطابق یہ وظائف اٹلی وزارت داخلہ اور ’اطالوی کانفرنس آف یونیورسٹی ریکٹرز‘ کے درمیان ایک معاہدے کا حصہ ہیں، جسے جامعات میں تعلیمی حق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی نیشنل ایسوسی ایشن کا تعاون حاصل ہے۔

یونیورسٹی اسکالر شپ کے لیے کون اہل امیدوار ہے؟

اطالوی وزارت داخلہ کے مطابق یہ وظائف ایسے طلبا کو دیے جائیں گے جنہیں ’تسلیم شدہ‘ مہاجر کا اسٹیٹس یا پھر ضمنی تحفظ حاصل ہو اور وہ گزشتہ دو تعلیمی سالوں میں بھی یہ وطائف حاصل کر چکا ہو۔ مزید یہ کہ ایسے مہاجر طالب علم یا طالبہ کے نام کا ندراج پہلے سے کسی اطالوی جامعہ میں ہونا چاہیے۔

ان وظائف کے لیے ’تسلیم شدہ‘ مہاجر اسٹیٹس یا ضمنی تحفظ کے حامل ایسے افراد بھی درخواست دے سکیں گے جنہوں نے یونیورسٹی تعلیم کے پہلے سال یا پھر ریسرچ پروگرام میں داخلہ لینے کے لیے سولہ جولائی سن 2018 تک تعلیمی ڈپلومہ حاصل کر لیا ہو۔ اور جو سن 2018،2019 کے تعلیمی سال کے لیے اطالوی یونیورسٹی سسٹم میں پہلی بار اپنا نام درج کرا رہے ہوں۔

Projekt Digital Empowerment für afghanische Flüchtlinge
تصویر: Getty Images/S. Gallup

درخواست دینے کی حتمی تاریخ اور اسناد کی جانچ کا طریقہ کار

نئے تعلیمی سال میں درخواستوں کو انتیس جولائی تک آن لائن درج ہو جانا چاہیے۔

تعلیمی سال سن 2018،2019 کے لیے پہلی بار اپنے نام کا اندراج کرانے والے ’ تسلیم شدہ‘ مہاجر تارکین وطن کے لیے ’اطالوی کانفرنس آف یونیورسٹی ریکٹرز‘ کے صدر کی جانب سے نامزد کردہ کمیشن درجہ بندی کی ایک فہرست جاری کرے گا جس میں امیدواران کے ڈپلوموں،سی وی اور منتخب کردہ تعلیمی سطح کو جانچا جائے گا۔

برابری کے میرٹ کی صورت میں ترجیح کم عمر درخواست گزار کو دی جائے گی۔

کمیشن درخواستوں کی جانچ کا کام اکتیس جولائی سن 2018 تک مکمل کر لے گا۔

کمیشن کی جاری کردہ رینکنگ لسٹ پر موجود مہاجرین کے پناہ کے اسٹیٹس کی صدیق اطالوی وزارت داخلہ کرے گی۔ اگر کوئی امیدوار مطلوبہ اسٹیٹس کا حامل نہ پایا گیا تو اس کا نام از خود اس فہرست سے خارج ہو جائے گا۔

ص ح / ا ا / انفو مائیگرنٹس