1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلآسٹریلیا

کرکٹ: کمنس نے عثمان خواجہ کے احترام میں شیمپین شاور روک دیا

18 جنوری 2022

آسٹریلیا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنس نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں کامیابی کے بعد اپنے ساتھی مسلمان کھلاڑی عثمان خواجہ کے لیے الکوحل کے ساتھ ٹیم کے روایتی جشن کو روک کر شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔

https://p.dw.com/p/45hSQ
Cricket | The Ashes | Australien - England
تصویر: William West/AFP/Getty Images

ایشز ٹیسٹ سیریز  کے دوران آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنس اب تک نہ صرف میدان میں اپنی تیز گیند بازی اور قیادت کی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ پیش کر رہے ہیں بلکہ وہ جیت کے جشن میں بھی اپنے تمام کھلاڑیوں کو یکساں اہمیت دے کر مداحوں سے داد وصول کر رہے ہیں۔

پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز چار صفر سے جیتنے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی جب پوڈیئم پر فاتح ٹرافی کے ساتھ شیمپئن کی بوتل کھول کر روایتی جشن منا رہے تھے تو آسٹریلیا  کے پہلے مسلمان کھلاڑی عثمان خواجہ  ایک جانب کھڑے ہوگئے، تاکہ ان پر الکوحل کے چھینٹے نہ پڑیں۔ لیکن کپتان کمنس نے ٹیم میں یکجہتی کی ایک عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں کو شیمپئن شاور سے روک دیا اور عثمان خواجہ کو دوبارہ فاتح ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے بلا لیا۔

ایشز ٹیسٹ سیریز آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ
تصویر: William West/AFP/Getty Images

ساتھی کھلاڑی کے لیے احترام

پیٹ کمنس نے میچ کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ ہر کوئی خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے طریقے سے شامل ہوسکے۔ کمنس کے بقول، ''میں سمجھتا ہوں کہ اس کی ایک وجہ ایک دوسرے کے لیے بہت زیادہ احترام اور محبت ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا تھا کہ ہماری ٹیم کا ساتھی تصویر میں موجود ہو۔‘‘

عثمان خواجہ نے ٹوئٹر پر کپتان کمنس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا، ''اگر یہ ویڈیو آپ کو یہ بات نہیں دکھا سکتی کہ لڑکے میری پشت پناہی کرتے ہیں، تو اور کیا دکھائے گا،‘‘

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز ٹیسٹ سیریز
عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر ایشز ٹیسٹ سیریز میں جیت کا جشن مناتے ہوئےتصویر: Robert Cianflone/Getty Images

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پیدا ہونے والے عثمان خواجہ آسٹریلیا کے پہلے مسلمان اور پاکستانی نژاد کھلاڑی ہیں۔ بائیں بازو سے بلے بازی کرنے والے عثمان خواجہ کی اس سیریز میں ڈھائی سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی تھی۔ انہوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ کے دوران دونوں اننگز میں شاندار سینچریز بنا کر پانچویں ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں اپنی جگہ پکی کرلی تھی۔

سوشل میڈیا پر کپتان کمنس کی تعریف

پیٹ کمنس کے اس عمل کو شائقین کرکٹ سے لے کر سابق کھلاڑیوں اور مبصرین نے بھی بہت زیادہ سراہا ہے۔ ان کی یہ ویڈیو میچ کے بعد سوشل میڈیا پر فوراﹰ وائرل ہوگئی۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بالر عمر گل نے ایک ٹویٹ میں لکھا، ''اچھا لیڈر ہمیشہ پوری ٹیم کا خیال رکھتا ہے اور سب کا یکساں احترام کرتا ہے اور  patcummins30@ پیٹ کمنس نے وہ لیڈر بن کر دکھایا ہے۔‘‘

ع آ /  ع ت (روئٹرز، اے ایف پی)

باؤنسر میرا خفیہ ہتھیار ہے، حسن علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں