1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگیلا میرکل نے لچک پیدا کی ہے، آسٹریائی چانسلر

17 ستمبر 2018

جرمن چانسلر نے اپنے آسٹریائی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں اتفاق کیا ہے کہ یورپی یونین میں مہاجرین کی آمد کو روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے جائیں گے۔ مہاجرین کے بحران کی وجہ سے یورپی رہنماؤں کو مسلسل دباؤ کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/34yfc
Deutschland Merkel und Kurz wollen mehr Kompetenzen für EU-Grenzschutzagentur
تصویر: Reuters/F. Bensch

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور ان کے آسٹریائی ہم منصب سباستیان کرس نے اتفاق کر لیا ہے کہ یورپ میں مہاجرین کی آمد کو روکنے کی خاطر متعدد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ان دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مہاجرین کے بحران کے حل کی خاطر یہ فیصلہ کیا ہے۔

میرکل اور کرس نے اتوار کے دن ملاقات میں مہاجرین کے بحران کے علاوہ دو طرفہ باہمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ تاہم میڈیا رپورٹوں کے مطابق آسٹریائی چانسلر اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی مابین ہونے والی اس ملاقات میں مہاجرین کے بحران کو زیادہ توجہ دی گئی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے کہا کہ یورپ میں ’بے قاعدہ مہاجرت‘ کا سلسلہ روکنے کی خاطر مشترکہ کوشش کی جائے گی۔

میرکل اور کرس نے کہا کہ بالخصوص افریقی ممالک میں مہاجرت کے اسباب اور وجوہات کو ختم کرنے کی خاطر ایک مربوط حکمت عملی بنائی جائے تاکہ وہاں شورش اور تنازعات کی وجہ سے لوگ مہاجرت پر مجبور نہ ہوں۔ ساتھ ہی ان دونوں رہنماؤں نے یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر کے اس منصوبے پر بھی اپنی حمایت کا اظہار کر دیا، جس کے تحت سن دو ہزار بیس تک فرونٹکس اسٹاف کی تعداد دس ہزار کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ماضی میں میرکل اور کرس بالخصوص مہاجرین بحران کے حل پر شدید اختلافات رکھتے تھے۔ مہاجرت مخالف آسٹریائی چانسلر کرس کا البتہ کہنا ہے کہ اب انگیلا میرکل کے موقف میں لچک پیدا ہوئی ہے۔ برلن حکومت کے موقف میں اس لچک کے تناظر میں جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کی طرف سے پیدا کردہ دباؤ بھی قرار دیا جاتا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل پیر کے دن متوقع طور پر الجزائر کا دورہ کر رہی ہیں۔ اس دورے کے دوران بھی مہاجرین کا معاملہ اہم ایجنڈا ہو گا۔ دوسری طرف آسٹریائی چانسلر سباستیان کرس پیر کے دن ہی پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے ملیں گے۔ یورپی یونین کی سربراہی سمٹ آئندہ ہفتے سالزبرگ میں منعقد ہو رہی ہے، جس کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔ یورپی رہنماؤں کے ان دوروں اور ملاقاتوں کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

ع ب / اا / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید