1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ فيفا ورلڈ کپ سے ’تقریباﹰ خارج‘

عاصم سليم20 جون 2014

برازيل ميں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے ايک اہم ميچ ميں جمعرات کی شام يوروگوائے کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹيم کے ليے اب اس ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنا انتہائی مشکل ہو گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CMZY
تصویر: Reuters

فيفا ورلڈ کپ 2014ء کے دوران انيس جون کو انگلينڈ اور يوروگوائے کی ٹیموں کے ميچ ساؤ پاؤلو ميں کھیلا گیا۔ اس ميچ ميں جنوبی امريکی ملک يوروگوائے کی ٹيم نے انگلينڈ کی ٹيم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ يوں انگلينڈ کو ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں ہی مقابلوں سے اخراج سے بچنے کے ليے اب ایک معجزے کی ضرورت ہے۔

اس ميچ ميں انگلش فٹ بال کی پريميئر ليگ کے کلب ليور پول کے ليے کھيلنے والے خطرناک فارورڈ کھلاڑی لوئیس سواریش ہی انگلينڈ کی شکست کا سبب بنے۔ قريب چار ہفتے قبل سواریش کے گھٹنے کا آپريشن ہوا تھا اور وہ اس میچ میں آپريشن کے بعد پہلی مرتبہ ميدان ميں اترے تھے۔ يوروگوائے کی قومی ٹیم کے ليے کھيلتے ہوئے سواریش نے شاندار کھيل کا مظاہرہ کيا اور انتاليسويں منٹ ميں گول کر کے اپنی ٹيم کو برتری دلا دی۔ بعد ازاں انگلش کھلاڑيوں نے کافی تيز رفتار کھيل پيش کيا اور مخالف ٹيم کے ليے کئی دشورايوں کی وجہ بنے۔ دوسرے ہاف ميں انگلينڈ کے اسٹرائیکر وين رونی نے بالآخر کسی بھی فٹ بال ورلڈ کپ میں اپنا پہلا گول کر ہی ڈالا اور ميچ ايک ايک گول سے برابر ہو گيا۔ تاہم لوئیس سواریش نے پچاسی ويں منٹ ميں يوروگوائے کے ليے دوسرا اور فيصلہ کن گول اسکور کر ديا۔

ليور پول کے ليے کھيلنے والے خطرناک فارورڈ کھلاڑی لوئیس سواریش
ليور پول کے ليے کھيلنے والے خطرناک فارورڈ کھلاڑی لوئیس سواریشتصویر: Getty Images

اس میچ کے بعد گروپ ڈی ميں اب يوروگوائے، کوسٹا ريکا اور اٹلی کی ٹيموں کے تين تين پوائنٹس ہيں جبکہ انگلينڈ کی ٹيم دو میچوں کے بعد ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی۔ آج جمعہ بيس جون کے روز اٹلی اور کوسٹا ريکا کی ٹيموں کے مابين ميچ کھيلا جائے گا اور انگلينڈ کے ليے اگلے مرحلے تک کواليفائی کرنے کی اميد صرف اسی صورت میں باقی رہے گی کہ اس ميچ ميں اطالوی ٹيم کوسٹا ريکا کو شکست دے دے۔ اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کو خود بھی کوسٹا ریکا کو ہرانا ہو گا۔

اگر یہ سب کچھ نہ ہوا اور انگلينڈ کی ٹيم فٹ بال عالمی کپ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کرنے ميں ناکام رہی تو 1958ء کے بعد ايسا پہلی مرتبہ ہو گا کہ انگلش ٹيم گروپ اسٹيج ہی ميں ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔

دريں اثناء جمعرات ہی کے روز گروپ سی کی ٹيموں کولمبيا اور آئيوری کوسٹ کے مابين بھی ايک ميچ کھيلا گيا، جس ميں کولمبيا نے کاميابی حاصل کی۔ ميچ کا فيصلہ دو ايک سے کولمبيا کے حق ميں رہا۔ کولمبيا کے ليے جيمز روڈريگیز اور خوان کوئنٹيرو نے گول کيے۔

جمعرات کی رات تيسرا ميچ يونان اور جاپان کی ٹیموں کے مابين کھيلا گيا، جو بغير کسی گول کے برابر رہا۔ يہ دونوں ٹيميں اپنے اپنے پہلے ميچ ہار گئی تھیں۔ يوں اب ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کی اميد قائم رکھنے کے ليے جاپان کو اپنے آخری گروپ ميچ ميں کولمبيا کو شکست دينا ہوگی جبکہ يونان آئيوری کوسٹ کو ہرا کر اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر سکتا ہے۔ اس صورت حال سے قطع نظر کولمبيا کی ٹيم نے ابھی سے دو میچوں میں چھ پوائنٹس حاصل کر کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر لیا ہے۔