انجلینا جولی اپنی یادداشتیں لکھیں گی
24 اگست 2010عام طور پر یہ تصور کیاجاتا ہے کہ شاید جرمنی میں نامور فلمی ستاروں کو دیکھنے کے لئے لوگ بہت زیادہ تردد نہیں کرتے لیکن چند روز پہلے جب انجلینا جولی اپنی فلم ’سالٹ‘ کی تشہیر کے سلسلے میں لندن سے ہوتی ہوئی برلن پہنچیں تو شائقین کا ایک بہت بڑا ہجوم اِس اداکارہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بھی بے تاب شہر کے پوٹسڈامر پلاٹس پر جمع تھا۔ اِس مرتبہ اِس اداکارہ کا چھیالیس سالہ اداکار شوہر بریڈ پِٹ اُس کے ہمراہ نہیں تھا لیکن اِس مشہور جوڑے کے چھ بچوں میں سے دو بچے انجلینا جولی کے ساتھ تھے۔ اِن چھ میں سے تین اِس اداکارہ کے اپنے ہیں جبکہ تین اِس جوڑے نے گود لے رکھے ہیں۔
برلن میں ایک پریس کانفرنس میں انجلینا جولی نے کہا کہ فلم ’سالٹ‘ میں اُس نے سی آئی اے کی ایک بہادر ایجنٹ ایویلین سالٹ کا کردار ادا کیا ہے لیکن یہ کہ اگر کبھی اُسے اپنے بچوں کے لئے لڑنا پڑے تو وہ اِس فلمی ایجنٹ کے مقابلے میں کہی زیادہ سخت مقابلہ کرے گی۔ انجلینا جولی نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سفیر کے طور پر پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر بھی جانا چاہتی ہیں لیکن یہ کام وہ ایک ایسے وقت پر کریں گی، جب وہ یہ سمجھیں گی کہ اب وہاں سے کیمرے ہَٹ چکے ہیں اور وہ وہاں کے سیلاب زدگان کے لئے جاری امدادی کارروائیوں میں کسی بھی طرح سے مزاحم نہیں ہو رہیں۔
اب تک انجیلنا جولی کے بارے میں نت نئے انکشافات کرنے والی بہت سی سوانح عمریاں بازار میں آ چکی ہیں۔ اب اِس مشہور امریکی اداکارہ نے خود اپنی ذات پر قلم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُس کا کہنا ہے کہ اُس کی بہت سے اشاعتی اداروں کے ساتھ بات بھی ہوئی ہے اور یہ کہ اُسے اپنی یادداشتوں کے لئے سات ملین ڈالر پیشگی رقم کے طور پر ادا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
برلن کے بعد انجلینا جولی ایک اچانک دورے پر بوسنیا کے دارالحکومت ساراژیوو پہنچیں۔ اِس سے پہلے اِس اداکارہ نے اپنے اداکار شوہر بریڈ پِٹ کے ہمراہ اپریل میں بوسنیا ہیرسےگووینا کا دورہ کیا تھا۔ گزشتہ وِیک اَینڈ پر عمل میں آنے والے تازہ ترین دورے کا مقصد بوسنی پناہ گزینوں کے لئے جلد مدد کی فراہمی کی اپیل کرنا تھا۔ اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے یو این ایچ سی آر کی سفیر کے طور پر انجیلنا جولی نے بوسنی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ وطن اور اپنے گھروں سے دور بسنے والے ہزارہا بوسنی پناہ گزینوں کی جلد واپسی کے لئے کوششیں کریں۔
ساراژیوو کے اِس دورے کے موقع پر انجلینا جولی نے یہ بھی بتایا کہ اِسی موسمِ خزاں میں وہ بوسنیا میں ایک فلم کی شوٹنگ میں حصہ لینے کا پروگرام بنا رہی ہیں۔ یہ محبت کی داستان پر مبنی ایک فلم ہو گی۔ اِس میں دکھایا جائے گا کہ کیسے ایک مرد اور ایک عورت بوسنی جنگ کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے ہیں اور کیسے یہ جنگ اُن کے تعلق پر اثرانداز ہوتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ اِس فلم کے ذریعے کوئی سیاسی پیغام نہیں دینا چاہتیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اِس فلم کی ہدایات بھی یہ اداکارہ خود دے گی اور مرکزی کردار بھی خود ہی ادا کرے گی۔ اِس کے دیگر کرداروں کے لئے اداکار بھی اِسی خطہء بلقان سے لئے جائیں گے۔
1992ء سے لے کر 1995ء تک جاری رہنے والی جنگ بوسنیا کے نتیجے میں ایک لاکھ انسان ہلاک ہوئے جبکہ 2.2 ملین انسانوں کو اپنے گھر بار چھوڑ کر پناہ کی تلاش میں نکلنا پڑا۔ UNHCR کے مطابق ابھی بھی تقریباً ایک لاکھ تیرہ ہزار بوسنی شہری اپنے اپنے گھروں کو لوٹنے کی کوشش میں ہیں لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر اُن کی کوششیں رائیگاں جا رہی ہیں۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: عاطف توقیر