امن کے لیے دھماکے
منفرد یا روز مرہ کا معمول، خوبصورت یا خوف زدہ کر دینے والا۔ اس کے علاوہ زیادہ تر انسان اور جانور : ہم روزانہ اس دنیا کو مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کی چند خوبصورت تصاویر۔
دھماکے اور قیام امن
شمالی اور جنوبی کوریا کی مشترکہ سرحد پر ابھی بھی کئی مقامات پر انتہائی بھاری ہتیھار نصب ہیں۔ تاہم اب یہ دونوں ممالک دشمنی ختم کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ اب مشترکہ سرحد پر قائم دو سو سے زائد حفاظتی چوکیوں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ شمالی کوریا نے مزید نو چوکیوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔
شعلے اگلتی ہوئی زمین
گوئٹے مالا میں فوئیگو نامی آتش فشان راکھ اور شعلے اگل رہا ہے۔ دور سے دیکھنے پر یہ بہت ہی خوبصورت منظر دکھائی دیتا ہے۔ جون میں اس آتش فشان کے پھٹنے سے تقریباً دو سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خشک سالی اور گرمی کے بعد کہر
جرمنی میں شدید گرمی اور ایک سنہرے موسم خزاں کے بعد ملک بھر میں کہر چھانا شروع ہو گئی ہے۔ تاہم دریاؤں میں پانی کی کم سطح کی وجہ سے موسم میں کسی بڑی تبدیلی کی توقع کم ہی ہے یعنی بہت زیادہ بارشیں یا برف باری کا امکان کم ہی ہے۔
ہمت والے ہی ایسے بال کٹواتے ہیں
یہ تصویر فانپائی نامی ایک چینی گاؤں کی ہے۔ اس علاقے کے قدیمی باشندے ابھی بھی روایتی انداز میں بال کٹواتے ہیں۔ یہاں پر کمان نما چھری باک کاٹنے کے لیے ابھی بھی استعمال ہوتی ہے۔
اونچا، بہت ہی اونچا
میکسیکو کے شہر لیون میں آج کل ہاٹ ایئر غباروں کا میلہ جاری ہے۔ دنیا کے تیئس ممالک کے دو سو زائد ہاٹ ایئر بیلون فضا میں بلند ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس فیسٹیول میں پانچ لاکھ افراد نے شرکت کی تھی۔
کشتی میں اسکول
یہ تصویر بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی ہے، جہاں سری نگر سے تعلق رکھنے والے تین بچے اسکول سے اپنے گھر واپس جا رہے ہیں۔ ڈل جھیل پر ایک اس چھوٹی سی کشتی کو چلانا کوئی آسان کام نہیں۔
خوبصورت گلابی
گزشتہ دنوں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں گلابی رنگ کے اس ہیرے کی پچاس ملین ڈالر میں نیلامی ہوئی، جو ایک ریکارڈ ہے۔ ’پنک لیگیسی‘ نامی اس ہیرے کو معروف امریکی جوہری ہیری ونسٹن نے خریدا۔ یہ ہیرا ایک سو قبل جنوبی افریقہ میں دریافت ہوا تھا۔
اوشی پلاؤ
پلاؤ،پیلاو یا پلوو کو عام طور پر ایک مشرقی کھانا تصور کیا جاتا ہے۔ یہ سبزی، گوشت اور مچھلی کے ساتھ ساتھ متعدد دیگر اشیاء کے ساتھ ملا کر پکایا جاتا ہے۔ یہ تصویر تاجکستان کی ہے اور یہ اس ملک کا معروف اوشی پلاؤ ہے۔ اوشی پلاؤ کو عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ بھی حاصل ہے۔
سات سالہ جوناتھن امریکا کے سفر پر
سات سالہ جوناتھن میکسکیو کے ایک مہاجر کیمپ میں سستانے کے لیے رکا ہوا ہے۔ تاہم جوناتھن رودریگیز کی منزل امریکا ہے۔ وہ آنکھوں میں ایک بہتر زندگی کا خواب سجائے امریکا جانا چاہتا ہے۔ اس کا قافلہ دو سو افراد پر مشتمل ہے۔
انسانوں کے خلاف خار دار تار
وسطی امریکی ممالک کے تقریباً سترہ سو افراد امریکا کی جانب رواں دواں ہیں۔ اس کے علاوہ ہنڈوراس، گوئٹے مالا اور ایل سلواڈور کے مزید ہزاروں افراد بھی غربت اور تشدد سے تنگ آ کر میکسیکو کے راستے امریکی سرحد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ تاہم امریکا میں ان مہاجرین کو خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔ ان کے استقبال کے لیے امریکی فوجی میکسیکو کی سرحد پر خار دار تار کی باڑ نصب کر رہے ہیں۔
امن کے شعلے
تائیوان میں ’وانگ یہ‘ فیسٹیول کے آٹھویں اور آخری روز عقیدت مند کاغذ اور لکڑی سے بنے ہوئے ایک بحری جہاز کو نذر آتش کرتے ہیں۔ ان کے خیال میں اس طرح دنیا سے بدی، بیماری اور بدقسمتی کا خاتمہ ہو جاتا ہے اور پھر صرف انسانیت اور امن باقی بچ جاتا ہے۔ ایک ہزار سال پرانا یہ فیسٹیول ہر تین سال بعد منایا جاتا ہے۔