1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی میزائل سسٹم کی منسوخی پر روس خوش

18 ستمبر 2009

روسی وزیر اعظم ولادیمیر پوٹن نے امریکی صدر باراک اوباما کے اُس اعلان کو خوش آئند اور حوصلہ افزا قرار دیا ہے جس کے تحت پولینڈ اور چیک جمہوریہ میں امریکہ کے میزائل شکن دفاعی نظام کی تنصیب فی الحال روک دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/JjtK
روسی وزیر اعظم ولادیمیر پوٹن نے امریکی صدر باراک اوباما کے اُس اعلان کو خوش آئند اور حوصلہ افزا قرار دیا ہےتصویر: AP

روس کو مشرقی یورپ میں اس امریکی دفاعی راکٹ نظام کی مجوزہ تنصیب پر سخت اعتراضات تھے اور اسی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ کی صورت حال بھی موجود تھی۔ تاہم امریکہ کی جانب سے اس نظام کی منسوخی کے بعد روسی تشویش خاصی کم ہو گئی ہے۔ دوسری جانب خود امریکہ میں باراک اوباما کے اس اعلان پر کانگریس اور سینیٹ کے ریپبلکن ارکان نے بھی شدید تنقید کی ہے۔

مشرقی یورپ میں واشنگٹن کے اس دفاعی میزائل سسٹم کی تنصیب ترک کرنے کے حوالے سے صدر اوباما نے اپنے اعلان میں کہا تھا: ’’ہم اپنے بہترین دوست ملکوں پولینڈ اور چیک ریپبلک کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ میں نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سے بات کی ہے اور انہیں اس فیصلے اور مستقبل میں اپنی دوستی میں مزید قربت کا یقین دلایا ہے۔‘‘

امریکی اخبارات نے اس بڑی پیش رفت کو آج واضح سرخیوں کے ساتھ شائع کیا۔ ایک امریکی روزنامے کے مطابق اوباما کے اس اقدام سے روسی امریکی تعلقات میں بہتری کی راہ کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔

پولینڈ اور چیک جمہوریہ نے اگرچہ اس امریکی اقدام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم ان دونوں ملکوں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں امریکہ کے ساتھ قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دیگر یورپی ممالک نے صدر اوباما کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جمعرات کی رات یورپی یونین کی خصوصی سربراہی کانفرنس سے اپنے خطاب میں اس اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس امریکی اقدام سے ماسکو کے ساتھ یورپی تعلقات میں بہتری کی نئی امید پیدا ہوگئی ہے۔ فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے صدر اوباما کے اعلان کو ہر اعتبار سے بہترین قرار دیا جبکہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندرس فوگ راسموسن کے مطابق اس فیصلےسے روس اور نیٹو کے باہمی تعلقات پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔

دریں اثناء روس نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھی مشرقی یورپ میں اپنے میزائل نظام کی تنصیب روک رہا ہے۔ پولینڈ اور چیک جمہوریہ میں امریکی دفاعی راکٹ نظام کی مجوزہ تنصیب کے اعلان کے بعد روس نے بھی پولینڈ اور لیتھوآینا کی سرحد کے قریب اپنے میزائل نصب کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : گوہر نذیر