امریکی صدر کے ایلچی ہولبروک برسلز میں
29 جولائی 2009خصوصی مندوب برائے پاکستان اور افغانستان رچرڈ ہولبروک اِن دونوں ملکوں کے دورے مکمل کرنے کے بعد کل برسلز میں تھے، جہاں اُنہوں نے یورپی یونین اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔
اِس موقع پر ہولبروک نے زور دے کر کہا کہ یورپی یونین کو اُن پچیس لاکھ پاکستانی مہاجرین کے لئے زیادہ انسانی امداد فراہم کرنی چاہیے، جو طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے باعث اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
یورپی کمیشن کے مطابق یورپی یونین اور اِس کے رکن ملکوں کی جانب سے گذرے چھ مہینوں کے دوران 263 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے اور مزید امداد کی فراہمی زیرِ غور ہے۔ تا ہم ہولبروک نے کہا کہ اُن کی نظر میں یورپی یونین کو اِس سے کہیں زیادہ بھرپور انداز میں پاکستان کی مدد کرنی چاہیے کیونکہ امریکہ نے اکیلے ہی اِن مہاجرین کے لئے 330 ملین ڈالر دئے ہیں۔ ایسے میں یونین کے رکن ممالک کو بھی اتنی ہی یا اِس سے زیادہ رقم فراہم کرنی چاہیے۔
ہولبروک نے کہا کہ سوات کے مہاجرین محض ایک انسانی مسئلہ نہیں ہیں بلکہ یہ معاملہ دفاعی اہمیت کا بھی حامل ہے۔ ہولبروک کے الفاظ تھے:’’اگر ہم افغانستان میں کامیابی سے ہم کنار ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں سرحد پار پاکستان میں ایک خاص حد تک استحکام کی ضرورت ہے۔‘‘
امریکہ اور ستائیس رُکنی یورپی یونین ایٹمی اسلحے سے لیس پاکستان کے ساتھ اِس بناء پر بھی قریبی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں کیونکہ اُنہیں خدشہ ہے کہ اِس ملک میں اسلامی انتہا پسندی اور زیادہ پھیلنے کی صورت میں نوبت یہاں تک پہنچ سکتی ہے کہ ایٹمی ہتھیار انتہا پسندوں کی دسترس میں بھی جا سکتے ہیں۔
برسلز میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ہولبروک نے اِس جانب بھی توجہ دلائی کہ امریکہ کے پُر زور اصرار کے باوجود یورپی یونین کے رکن ممالک افغانستان میں دفاعی شعبے میں زیادہ بڑا اور مؤثر کردار ادا کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔ ہولبروک نے اُمید ظاہر کی کہ اِس کردار میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو گا کیونکہ اُن کے بقول مغربی دفاعی اتحاد میں شامل ہر ملک دہشت گردوں کا ممکنہ ہدف ہو سکتا ہے۔
افغانستان میں نیٹو کے اندازوں کے مطابق طالبان کو منشیات کی تجارت سے سالانہ ساٹھ تا ایک سو ملین ڈالر کی آمدنی ہو رہی ہے، جو افغانستان میں سرگرمِ عمل غیر ملکی دَستوں کے خلاف لڑائی پر خرچ کی جاتی ہے۔ تاہم ہولبروک نے کہا کہ افغانستان میں برسرِ پیکار انتہا پسندوں کو بیرونی دُنیا اور خاص طور پر خلیجی عرب ریاستوں کی مالدار شخصیات سے بھی بہت زیادہ امداد مل رہی ہے۔ ہولبروک کے مطابق امریکی حکومت اِس طرح کی امداد کی فراہمی کو روکنے کے لئے اِن دنوں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دے رہی ہے، جس میں امریکی وزارت مالیات اور وفاقی پولیس ایف بی آئی کے ساتھ ساتھ وزارتِ دفاع کے بھی نمائندے شامل ہوں گے۔