1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی بحری بیڑا جزیرہ نما کوریا کے لیے روانہ

9 اپریل 2017

شمالی کوریا کے تازہ میزائل تجربوں کے بعد ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیونگ یانگ کو شدید نتائج کی دھمکی دی تھی۔ اب ٹرمپ نے ایک امریکی بحری بیڑا مغربی بحراکاہل کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2awUc
Flugzeugträger USS Carl Vinson
تصویر: picture-alliance/dpa/U.S. Navy/D. Howell

امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ طیارہ بردار جنگی بحری بیڑے کو بھیجنے کا فیصلہ بحرالکاہل کے مغربی حصے میں کسی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ یہاں پر امریکی فوج کی موجودگی کو بڑھایا جا سکے۔ امریکی نیوی کے کارل ونسن سٹرائیک گروپ نامی بحری بیڑے میں کئی دیگر جنگی بحری جہاز بھی ہیں۔ یہ بیڑا جزیرہ نما کوریا کے پانیوں کے قریب لنگر انداز ہو گا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر بات کی اور اس دوران اس سلسلے میں قریبی تعاون اور رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

USA Südkorea Marineübung
امریکی نیوی کے کارل ونسن سٹرائیک گروپ نامی بحری بیڑے میں کئی دیگر جنگی بحری جہاز بھی ہیں۔تصویر: picture-alliance/dpa/SK Navy 1st Fleet Command/YNA

شمالی کوریا پہلے کی طرح خطے کے لیے ایک بڑا خطرہ بنا ہوا ہے۔ ایک بیان میں ایک مرتبہ پھر واضح کیا گیا ہے کہ پیونگ یانگ کے جوہری اور میزائل منصوبوں کی وجہ سے خطے کے دیگر ممالک یعنی جنوبی کوریا اور جاپان میں بھی  گہری تشویش پائی جاتی ہے۔’’شمالی کوریا انتہائی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کے ساتھ اپنے جوہری اور میزائل منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے‘‘۔

شمالی کوریا عالمی سطح پر تنہائی اور پابندیوں کے باوجود اپنا جوہری ہتھیار سازی کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔ 2006ء کے بعد سے اب تک یہ ملک پانچ جوہری تجربے کر چکا ہے، جن میں سے دو گزشتہ برس کیے گئے۔ شک ہے کہ یہ کمیونسٹ ریاست جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت والے ایسے میزائل کی تیاری میں بھی لگی ہوئی ہے، جو امریکا کو براہ راست نشانہ بنا سکتے ہوں۔

امریکا ماضی میں کئی مرتبہ جاپان اور جنوبی کوریا کو اپنے قریبی تعاون کی یقین دہانی کراتا رہا ہے۔ دوسری جانب ابھی حال میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر چین شمالی کوریا کے مسئلے کو حل کرنے کے قابل نہیں ہے تو امریکا تنہا ہی اقدامات کر سکتا ہے۔ چین شمالی کوریا کا حلیف ملک ہے۔