1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا: سماجی بہبودکے منصوبوں میں کٹوتی، عسکری بجٹ میں اضافہ

عرفان آفتاب اے ایف پی
13 فروری 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چار اعشاریہ چار ٹریلین ڈالر کے بجٹ منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے مطابق سماجی بہبود کے بجٹ میں کٹوتی کی تجويز کی گئی ہے جبکہ عسکری بجٹ میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

https://p.dw.com/p/2scKW
Donald Trump
تصویر: Getty Images/C. Somodevilla

پیر کے روزصدارتی دفتر اوول میں صدر ٹرمپ نے کہا، ’’ہم اپنی فوج کو اب تک کی مضبوط ترین فوج بنانا چاہتے ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس بجٹ میں امریکی فوج کا پہلے سے زیادہ خیال رکھیں گے۔

امریکا میں اس سال کا دوسرا حکومتی شٹ ڈاؤن، جو ختم بھی ہو گیا

ٹرمپ انتظاميہ کی جانب سے اعلان کردہ بجٹ میں داخلی منصوبوں میں کٹوتی کی گئی ہے۔ کٹوتی کے نتیجے میں امریکا میں رہنے والا غریب اور متوسط طبقہ براہِ راست انداز سے متاثر ہوگا۔ مثال کہ طور پر رہائشی معاونت اور طالب علموں کے لیے تعلیمی قرضے کے پروگراموں میں واضح کٹوتی تجويز کی گئی ہے۔ تاہم ملازمت ختم ہونے کے بعد ریٹائرمنٹ کے فوائد میں تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ امریکی صدر نے اپنے وعدے کے مطابق طِبی سہولیات کے موجودہ منصوبوں میں چھ فیصد یعنی پانچ سو بلین ڈالر کی کٹوتی کی ہے۔

USA Donald Trump erneuert Einreiseverbot
تصویر: picture-alliance/dpa/NOTIMEX/Casa Blanca

بعد ازاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کا ایک بڑا منصوبہ بھی پیش کیا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت تقریباً ڈیڑھ ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس کے لیے حکومت اگلے دس برسوں میں صرف 200 بلین ڈالر مہیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ ایک اعشاریہ تین ٹریلین ڈالر کی باقی رقوم ریاستی اور مقامی حکومتوں کے علاوہ نجی سرمایہ کار مہیا کریں گے۔

امریکی حکومت بند ہو گئی، کانگریس نے بجٹ منظور نہ کیا

 

 وائٹ ہاؤس نے اس بارے میں دستاویزات کانگریس ميں پیش کر دی ہیں۔  امریکی سیاسی جماعت ڈیموکریٹس کی جانب سے ٹرمپ انتظاميہ کے مجوزہ بجٹ کی شدید مخالفت سامنے آ رہی ہے۔ امریکی بجٹ ہاوس کمیٹی کے اعلٰی عہدیدار جون یارمتھ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے بجٹ ميں تجاویز نجی خواہشات کی عکاسی کر رہی ہيں، جیسے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی صحت کی سہولیات میں کمی، غربت کے خلاف پروگرام میں کٹوتی اور امیر طبقے سے کم ٹیکس وصول کرنے کے لیے رعايت۔

USA San Diego Grenze Mexiko Mauerbau Prototypen
تصویر: Reuters/J. Duenes

مجوزہ بجٹ میں ایک عشاریہ چھ بلین ڈالر امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے دوسرے مرحلے کے لیے متعین کیے گئے ہیں۔ واضح رہے گزشتہ سال صدر ٹرمپ کی جانب سے امریکی شہر سین ڈییگو اور ریو گرانڈ ویلی کے ساتھ ملنے والی میکسیکن سرحد پر 120 کلومیٹر طویل دیوار تعمیر کرنے کی گزارش کی گئی تھی، جس پر ابھی تک قانون دان غور کر رہے ہیں۔