1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں ایک اور تاریخی مقدمہ،اب صدر بائیڈن کے لیے بری خبر

3 جون 2024

امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی صدر کو عہدے پر رہتے ہوئے اپنے بیٹے کے خلاف مقدمات کا سامنا ہے۔ صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف اسلحہ رکھنے کے مقدمے کی سماعت پیر کے روز شروع ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4gZ35
 صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں
 صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیںتصویر: Patrick Semansky/AP/picture alliance

امریکی صدر جو بائیڈن بھی مصیبت میں پھنس گئے ہیں۔ ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف اسلحہ رکھنے کے مقدمے کی سماعت ایسے وقت شروع ہوئی ہے جب صدارتی انتخابات میں صرف چھ ماہ باقی رہ گئے ہیں اور بائیڈن عہدہ صدارت کی دوسری مدت کے لیے اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ تمام چونتیس الزامات میں مجرم قرار

امریکی ایوان نے صدر بائیڈن کے مواخذے کی انکوائری کو منظور کر لیا

 چند دنوں قبل ہی عہدہ صدارت کے لیے ری پبیلکن پارٹی کے ممکنہ امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مجرم قرار دیے جانے والے امریکہ کے پہلے سابق صدر بن گئے۔ ری پبلیکن ہنٹر بائیڈن کے خلاف مقدمے کا ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کے خلاف استعمال کرے گی۔

غیر قانونی طورپر اسلحہ کی خریداری کا جرم ثابت ہونے کی صورت میں ہنٹر کو 25 برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہے
غیر قانونی طورپر اسلحہ کی خریداری کا جرم ثابت ہونے کی صورت میں ہنٹر کو 25 برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہےتصویر: Kevin Lamarque/REUTERS

ہنٹر بائیڈن پر کیا الزامات ہیں؟

گوکہ 54 سالہ ہنٹر بائیڈن سنہ 2018 میں پوائنٹ 38 کے کولٹ کوبرا ریوالور کی خریداری کے متعلق اپنے اوپر عائد تین سنگین جرائم کی تردید کرتے ہیں لیکن انہوں نے خود ہی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ منشیات کے بہت زیادہ عادی تھے۔

امریکی صدارتی انتخابات: بائیڈن اور ٹرمپ میں مقابلہ تقریباً طے

بائیڈن سے خفیہ دستاویزات کے بارے میں پوچھ گچھ

انہوں نے بندوق کی خریداری کے متعلق سرکاری کاغذات پر غلط بیانات دیے تھے۔غیر قانونی طورپر اسلحہ کی خریداری کا جرم ثابت ہونے کی صورت میں ہنٹر کو 25 برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔حالانکہ عملی طور پر ایسے جرائم، اگر دیگر الزامات کے ساتھ نہیں ہیں، تو شاذ و نادر ہی قید کی سزا دی جاتی ہے۔

سنہ 2021 میں ہنٹر بائیڈن نے ایک کتاب میں اعتراف کیا تھا کہ وہ بھاری مقدار میں کوکین کا نشہ کرتے تھے۔ تاہم انھوں نے ایک قانونی فارم پر اس وقت نفی میں جواب دیا تھا جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا انھوں نے کسی منشیات کا غیر قانونی استعمال کیا ہے۔ ان فارمز پر جھوٹ بولنے کی وجہ سے بھی انہیں قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

ہنٹر بائیڈن پرٹیکس چوری کے الزامات بھی ہیں تاہم اس پر اگلے سال سماعت ہوگی۔

 ییل یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری یافتہ ہنٹر بائیڈن ماضی میں خود بھی وکیل رہ چکے ہیں اور بعد میں انھوں نے بطور لابسٹ چین اور یوکرین میں کام کیا۔ ان کو 2014 میں نیوی سے اس وقت نکال دیا گیا تھا جب ان کا کوکین ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

بائیڈن عہدہ صدارت کی دوسری مدت کے لیے اپنی قسمت آزمارہے ہیں
بائیڈن عہدہ صدارت کی دوسری مدت کے لیے اپنی قسمت آزمارہے ہیںتصویر: Evan Vucci/AP/picture alliance

صدر جو بائیڈن کے لیے مشکلات

ہنٹر بائیڈن کا یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ری پبلیکن پارٹی کانگریس میں صدر بائیڈن کے مواخذے کی انکوائری کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ بائیڈن خاندان مجرمانہ سازش میں ملوث ہے، حالانکہ انہوں نے اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے۔

 ریپبلکن قانون سازوں نے ہنٹر بائیڈن پر چین اور یوکرین میں بدعنوان کاروباری طریقوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے، لیکن ان پر ان کے غیر ملکی معاملات سے متعلق کسی جرم کا الزام نہیں لگایا گیا ہے۔

 صدر نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور منشیات کی لت سے صحت یاب ہونے کی کوششوں پر اس سے پیار کرتے ہیں۔

 بائیڈن کے اتحادی ڈیموکریٹک رکن کانگریس مین ایڈم شِف نے کہا کہ امریکیوں کو جیوری کے فیصلے کا ''بالکل'' احترام کرنا چاہیے،خواہ وہ جو بھی فیصلہ سنائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ،"مجھے لگتا ہے کہ صدر خود اس فیصلے کا احترام کریں گے... گوکہ یہ تکلیف دہ ہے،کیونکہ مجھے یقین ہے کہ آپ میں سے کوئی بھی اپنے بچوں میں سے کسی کو مقدمے میں گرفتار نہیں دیکھنا چاہتا۔''

ج ا/ ص ز (اے ایف پی)