1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا جھوٹ بول کر اپنی کارکردگی سے توجہ ہٹا رہا ہے، چین

29 اپریل 2020

چین نے کہا ہے کہ امریکی سیاست دانوں نے بارہا کورونا کے خطرات کو نظر انداز کیا اور اب ڈھٹائی سے جھوٹ بول کر اپنی خراب کارکردگی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3bXpx
Bildkombo Donald Trump und Xi Jinping

منگل کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ چین پر امریکا کی تنقید کا صرف ایک مقصد ہے کہ خود کو کسی ذمہ داری سے بری الزمہ کر کے اپنی خراب کارکردگی سے لوگوں کی توجہ ہٹائی جائے۔

پیر کو امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہیں کورونا وبا کی روک تھام کے حوالے سے بیجنگ حکومت کے کردار پر تحفظات ہیں۔ صدر ٹرمپ کا موقف ہے کہ اگر چین اس وبا سے بہتر انداز میں نمٹتا تو باقی وائرس دنیا تک نہ پھیلتا۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ ان کا ملک چین سے معاشی نقصانات کے ضمن میں خاطر خواہ معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کرے گا۔

کورونا وائرس: امریکا میں متاثرین کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز

امریکا میں صدر ٹرمپ پر تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ دو ماہ پہلے تک کورونا کے بحران سے انکاری رہے اور اس وقت حرکت میں آنا دکھائی دیے جب حالات کافی تیزی سے بگڑ رہے تھے۔

منگل کو چینی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ الزام تراشی کی بجائے 'اپنے داخلی مسائل پر توجہ دیں تاکہ اس وبا پر جلد سے جلد قابو پایا جا سکے‘۔

اس سے قبل امریکی ریاستوں میسوری اور مسیسیپی نے چین کی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے جان بوجھ کر اس وبا سے متعلق حقائق چھپائے۔ ان دونوں ریاستوں نے چین کے خلاف قانونی چارہ گوئی کے لیے امریکی سینٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

کورونا وائرس کی نئی قسم 'کووڈ انیس‘ نے پانچ ماہ قبل چین کے شہر ووہان میں سر اٹھایا تھا۔ پچھلے دو ماہ میں اس وبا نے دنیا میں بھونچال پیدا کر رکھا ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں اور متاثرہ کیسز امریکا میں سامنے آئے ہیں۔

دو ہفتوں میں کورونا ویکسین بنانا شروع کر دیں گے، بھارتی کمپنی

امریکا اور آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اس بات کی چھان بین ہونی چاہیے کہ یہ وبا چین سے نکل کر پوری دنیا میں کیسے پھیلی۔

آسٹریلیا میں تعینات چین کے سفیر نے ایک حالیہ بیان میں وہاں کی حکومت کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس طرح کی کسی انکوائری پر زور دیا گیا تو چین کے عوام آسٹریلوی درآمدات کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔

منگل کو چین کی وزارت خارجہ نے اس دھمکی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی طرف سے حالیہ بیانات پر چین کے لوگوں میں بے چینی ہے اور اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔

ش ج / ش ح (اے ایف پی)

کورونا وائرس کے خوف سے پولیو مہم بھی متاثر