1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا اور یورپ میں دراڑ پر تشویش

15 فروری 2020

جرمنی میں جاری میونخ سکیورٹی کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یورپی رہنماؤں کی طرف سے امریکا اور یورپ کے درمیان خلیج پر تشویش رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب آج بھی متحد ہے۔

https://p.dw.com/p/3XotQ
München MSC US-Außenminister Mike Pompeo
تصویر: picture-allinace/AP/J. Meyer

میونخ شہر میں جاری عالمی سکیورٹی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں گزشتہ روز جرمن صدر فرانک والٹر اشٹان مائر  نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن نے اپنے یک طرفہ اقدامات سے 'عالمی برادری کے تصور' کو رد کیا ہے اور وہ اپنے پڑوسیوں اور اتحادیوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔

ہفتے کو امریکی وزیر خارجہ نے جرمن صدر کی تنقید کے جواب میں کہا کہ امریکا اور یورپ کے اتحاد کے خاتمے کی باتیں حقائق پر مبنی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ، ''مجھے یہ کہتے ہوئے  خوشی ہو رہی ہے کہ ٹرانس اٹلانٹک اتحاد کی موت کا خیال انتہائی مبالغہ آمیز ہے۔‘‘

München MSC US-Außenminister Mike Pompeo
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Caballero-Reynolds

مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ داعش کے خلاف عالمی لڑائی میں امریکا اکیاسی ممالک کے اتحاد کی سربراہی کر رہا ہے۔ پومپیو کے بقول، ''مغربی اتحاد جیت رہا ہے اور ہم سب مل کر جیت رہے ہیں۔‘‘

ہفتے کو میونخ سکیورٹی کانفرنس سے فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے خطاب کیا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر مغربی ممالک کے اتحاد کے کمزور ہونے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ''مغرب کمزور ہو رہا ہے‘‘۔

Münchner Sicherheitskonferenz MSC Emmanuel Macron
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Hoppe

عالمی رہنماؤں، فوجی جرنیلوں اور سفارتکاروں کی اس سالانہ سکیورٹی کانفرنس میں اس مرتبہ چین اور روس کے بڑھتے اثر و رسوخ پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے بھی اپنے خطاب میں روس کے علاقائی عزائم ، بحیرہ جنوبی چین میں چینی فوج کی تشکیل اور مشرق وسطیٰ میں ایران کی ''دہشت گردی کی مہم‘‘ سے لاحق خطرات سے خبردار کیا۔

 ساتھ ہی انہوں نے روس کی قدرتی گیس پر یورپی ممالک کے انحصار پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ تاہم پومپیو نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکا یورپی یونین کے مشرقی ممالک میں توانائی کے منصوبوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گا۔

ع آ / ش ج (اے ایف پی / ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں