1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ کے امن مشنز ميں خواتين کی تعداد بڑھائی جائے گی

29 اگست 2020

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ميں منظور کردہ ايک قرارداد ميں امن مشنز ميں خواتين کے کردار کی تعريف کی گئی اور مستقبل ميں ان کا تناسب بڑھانے اور صنفی مساوات کو يقينی بنانے کے ليے ٹھوس اقدامات پر زور ديا گيا۔

https://p.dw.com/p/3hjPq
Liberia 1. weibliche Blauhelmeinheit aus Indien
تصویر: Getty Images/AFP/I. Sanogo

دنيا بھر کے مختلف خطوں ميں اقوام متحدہ کے امن مشنز ميں خواتين کا تناسب بڑھانے کے ليے سلامتی کونسل ميں متفقہ طور پر ايک قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ جمعہ اٹھائيس اگست کو منظور کردہ قرارداد کے مسودے ميں عالمی ادارے کے تمام 193 رکن ممالک پر زور ديا گيا ہے کہ عسکری اور سويلين پوزيشنز پر زيادہ سے زيادہ خواتين کو بھرتی کيا جائے اور صنفی مساوات کو يقينی بنايا جائے۔

امن مشنز ميں خواتين کی شرکت اور اہداف

اقوام متحدہ کے محکمہ برائے امن مشنز کے مطابق سن 1993 ميں ميں ادارے کے امن مشنز ميں عورتوں کا تناسب صرف ايک فيصد تھا۔ آج يہ تناسب چھ فيصد ہے۔ 2019ء ميں مجموعی طور پر پچانوے ہزار امن دستوں ميں سے صرف 4.7 فيصد خواتين فوجی پوزيشنوں پر تعينات تھيں جبکہ 10.8 فيصد پوليس يونٹس کا حصہ تھيں۔ فوج، پوليس اور انصاف کے مختلف محکموں ميں اس وقت عورتوں کی مجموعی تعداد چھ فيصد بنتی ہے۔

پانچ سال قبل منظور کردہ ايک قرارداد کے تحت سن 2028 تک اقوام متحدہ کے تمام عسکری و امن مشنز ميں عورتوں کا تناسب دو گنا بڑھنا چاہيے۔ اقوام متحدہ کے محکمہ برائے امن مشنز کے مطابق اگلے آٹھ برس ميں اس ہدف تک پہنچنے کے ليے فوجی دستوں ميں خواتين کے تناسب کو پندرہ فيصد، خواتين مبصرين کے تناسب کو پچيس فيصد، پوليس يونٹس ميں خواتين کے تناسب کو بيس فيصد اور دفاتر ميں آفيسر خواتين کے تناسب کو تيس فيصد تک پہنچانا ہو گا۔

Pakistan Frauen in der Armee
تصویر: Getty Images/AFP/F. Naeem

تازہ قرارداد کے مسودے ميں کيا کيا شامل ہے؟

انڈونيشيا کی قيادت ميں پيش کردہ اس قرارداد ميں اقوام متحدہ کے تيرہ مختلف مشنز ميں مردوں اور عورتوں کے تناسب ميں واضح تفريق پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ قرارداد کے مسودے ميں امن مشنز ميں خواتین کے کردار کو بھی سراہا گيا۔ اقوام متحدہ کے تمام 193 رکن ممالک پر زور ديا گيا ہے کہ وہ مشنز ميں صنفی مساوات کو يقينی بنائيں۔

قرارداد کے مسودے ميں رکن رياستوں پر زور ديا گيا ہے کہ ايسی حکمت عملی ترتيب دی جائے جس سے امن مشنز ميں خواتين کا تناسب بڑھے۔ اس کے ليے معلومات اور تربيت جيسی سہوليات کی فراہمی يقينی بنانے اور رکاٹوں کو دور کرنے پر بھی زور ديا گيا۔

جمعے کو منظور ہونے والی اس قرارداد ميں جنسی ہراسانی کے الزمات پر بھی شديد تشويش کا اظہار کيا گيا۔ اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونيو گوٹيرش سے مطالبہ کيا گيا ہے کہ وہ امن مشنز ميں ايسے واقعات کے روک تھام کو يقينی بنائيں۔

ع س / ا ا )اے پی)