1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقلیتی گروہوں کے ساتھ ’ناروا سلوک ناقابل قبول‘، ڈبلیو سی سی

6 ستمبر 2012

ورلڈ کونسل آف چرچز نے کہا ہے کہ پاکستان میں اغوا اور زبردستی تبدیلی مذہب جیسے مسائل کے بیچ اقلیتی مذہبی گروہ ’خوف اور دہشت‘ میں زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ حکومت اس حوالے سے بے بس معلوم ہوتی ہے۔

https://p.dw.com/p/164K1
تصویر: DW

مسیحی کلیساؤں کی عالمی تنظیم ورلڈ کونسل آف چرچز ’ڈبلیو سی سی‘کی سینٹرل کمیٹی کی طرف سے بدھ کے دن جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہندو اور مسیحی برادریوں کے ساتھ ’ناجائز اور امتیازی سلوک‘ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان، جو کبھی کافی حد تک سیکولر ملک تھا، اب اسلامائزیشن کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مزید کہا گیا ہے، ’’آج پاکستان میں اقلیتی گروہوں کی نوجوان خواتین جنسی حملوں اور آبروریزی سمیت دیگر طریقوں سے تشدد کا نشانہ بن رہی ہیں اور ساتھ ہی انہیں دھمکیوں اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Pakistan Christen Demo Blasphemie
’پاکستانی حکومت کی طرف سے اقلیتی گروہوں کو مناسب تحفظ فراہم نہ کیا جانا ناقابل قبول ہے‘تصویر: picture alliance / dpa

رومن کتھولک کے علاوہ عالمی سطح پر مسیحیوں کی نمائندہ تنظیم ’ڈبلیو سی سی‘ نے مزید کہا ہے کہ ایسی کئی مثالیں موجود ہیں کہ پاکستان میں اقلیتی کمیونٹیوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ’اغوا کیا گیا، گھروں میں بند کر دیا گیا، زبردستی مذہب تبدیل کروا کر ان کی مسلمان مردوں سے شادی کر دی گئی جبکہ حکام ایسی بنیاد پرست طاقتوں کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر نظر آتی ہے، جو ان تمام مسائل کی ذمہ دار ہیں اور وہ کھلے عام اپنی کارروائیاں سر انجام دے رہی ہیں‘۔

جنیوا میں قائم اس گروپ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتی گروپ ’خوف اور دہشت کی فضا‘ میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق اقلیتی رہنما مسلسل پاکستانی حکام کے ساتھ ان مسائل پر اپنے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں تاہم انہیں مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، ’’پاکستانی حکومت کی طرف سے اقلیتی گروہوں کو مناسب تحفظ فراہم نہ کیا جانا ناقابل قبول ہے‘‘۔

ورلڈ کونسل آف چرچز کی طرف سے یہ تازہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب پاکستان میں توہین مذہب کا ایک نیا کیس موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اس نئے کیس کے سامنے آنے کے بعد سے ہی پاکستان کے کئی لبرل حلقوں اور انسانی حقوق کے اداروں کی طرف سے پاکستان میں توہین مذہب کے قانون میں اصلاحات کے مطالبات میں تیزی آ چکی ہے۔

’ڈبلیو سی سی‘ آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے ایک سیشن کے موقع پر پاکستان میں توہین مذہب کے متنازعہ قانون پر بھی ایک خصوصی میٹنگ کا اہتمام کر رہی ہے۔

ab / km (AFP)