1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: پندرہ ہزار فوجیوں کو واپس بلا لینا چاہیے، امریکی سینیٹر

8 جون 2011

امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین کارل لیون نے کہا ہے کہ صدر اوباما کو سال کے آخر تک افغانستان سے کم از کم پندرہ ہزار فوجیوں کو واپس بلا لینا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/11WiJ
تصویر: AP

پیر کے روز امریکی صدر باراک اوباما نے کہا تھا کہ وہ جلد اس بات کا اعلان کریں گے کہ جولائی سے افغانستان سے کتنی تعداد میں امریکی فوجیوں کا انخلاء عمل میں آئے گا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی افواج کے کمانڈر اس حوالے سے جلد صدر اوباما کو اپنی رائے دیں گے۔

ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر لیون کی رائے تاہم ریپبلکن سینیٹر اور سابق صدارتی امیدوار جان میک کین کی رائے سے مختلف ہے۔ میک کین کی رائے میں صدر اوباما کو تین ہزار سے زیادہ امریکی فوجیوں کو واپس نہیں بلانا چاہیے۔

Afghanistan Soldaten USA Taliban Flash-Galerie
جولائی سے افغانستان کے بعض علاقوں کا کنٹرول افغان فورسز کے حوالے کر دیا جائے گاتصویر: AP

توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں گزشتہ ماہ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر افغانستان سے اچھی خاصی تعداد میں امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان کریں گے۔ سینیٹر لیون کا کہنا ہے کہ امریکی عوام صدر اوباما سے توقع کر رہے ہیں کہ وہ اپنے وعدے پر عمل کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی اور افغان عوام کے لیے اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ افغان فورسز کا سکیورٹی اپنے ہاتھ میں لینا کتنا اہم ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں امریکی افواج کی تعداد ایک لاکھ کے لگ بھگ ہے اور ان کی تعیناتی پر ایک سو دس بلین ڈالر سالانہ کا خرچہ آتا ہے۔ نیٹو اتحاد جولائی سے افغانستان میں اپنی افواج کی تعداد میں مرحلہ وار کمی کر رہا ہے تاکہ افغانستان کی سکیورٹی کی ذمہ داری افغان فورسز کے حوالے کی جا سکے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں