1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان پر پاکستانی اور امریکی سلامتی مشیروں کی میٹنگ

جاوید اختر، نئی دہلی
30 جولائی 2021

پاکستان اور امریکا کے قومی سلامتی مشیرو ں نے افغانستان کی صور ت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ واشنگٹن میں یہ میٹنگ ایسے وقت ہوئی ہے جب دنیا کی نگاہیں افغانستان کے حوالے سے ہونے والی ہر پیش رفت پر لگی ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3yKaC
معید یوسف، پاکستانی مشیر برائے قومی سلامتیتصویر: Getty Images/AFP/A. Wong

پاکستان کے قومی سلامتی مشیر معید یوسف نے اپنے امریکی ہم منصب جیک سلیوان سے واشنگٹن میں ملاقات کی ہے۔ یہ میٹنگ ایسے موقع پر ہوئی ہے جب امریکا کے افغانستان سے مکمل انخلا کا عمل آخری مراحل میں ہے اور طالبان اور افغان سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔

پاکستانی اور امریکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں نے افغانستان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور افغان بحران کا مذاکرات کے ذریعہ سیاسی حل اور پُر تشدد کارروائیوں پر فوری روک لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں عہدیداروں کے درمیان واشنگٹن میں یہ دوسری ملاقات تھی۔ اس سے قبل دونوں نے مارچ میں جنیوا میں ملاقات کی تھی۔

معید یوسف نے جمعہ 30 جولائی کو ایک ٹوئیٹ کر کے بتایاکہ امریکی ہم منصب سے ہونے والی یہ ملاقات دراصل جنیوا کی ملاقات کا تسلسل ہے۔

معید یوسف نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا، ”آج واشنگٹن میں مشیر قومی سلامتی جیک سلیوان کے ساتھ مثبت فالو اپ ملاقات ہوئی جس میں ہماری جنیوا میں ہوئی ملاقات کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور باہمی، علاقائی اور باہمی مفاد کے عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔" انہوں نے مزید لکھا کہ فریقین نے 'پاک - امریکا دو طرفہ تعاون‘ کی رفتار مستحکم رکھنے پر اتفاق کیا۔ 

پاکستان کے قومی سلامتی مشیر نے اپنی ٹوئیٹ میں گوافغانستان کوئی ذکر نہیں کیا، البتہ امریکی قومی سلامتی مشیر نے بتایا کہ افغانستان کے سلسلے میں بھی بات چیت ہوئی۔

جیک سلیوان نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا، ”میں نے آج علاقائی روابط، سکیورٹی اور باہمی تعاون کے دیگر معاملات پر مشورے کے لیے پاکستانی مشیر قومی سلامتی سے ملاقات کی۔ ہم نے افغانستان میں پر تشدد کارروائیوں میں فوری کمی کی ضرورت اور تنازعے کے بات چیت کے ذریعے سیاسی تصفیے پر تبادلہ خیال کیا۔"

پاکستان افغانستان میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے

واضح رہے کہ افغانستان میں جاری حالیہ تشدد کی لہر پر امریکا مسلسل تشویش کا اظہار کر رہا ہے۔ واشنگٹن نے فریقین کو مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ البتہ طالبان اب تک افغانستان کے متعدد اضلاع پر قبضہ کر چکے ہیں اور افغان سکیورٹی فورسز کو جنگجووں کی پیش قدمی روکنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گزشتہ دنوں بھارتی دارالحکومت دہلی میں اپنے دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلِنکن نے ایک بھارتی روزنامے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا، ”پاکستان کا طالبان پر اثر و رسوخ میں اہم کردار ہے جو اسے ادا کرنا ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ طالبان بذور طاقت اس ملک پر قابض نہ ہوں اور ہم اُمید کرتے ہیں کہ وہ یہ کردار ادا کرے گا۔"

خیال رہے کہ انٹونی بلِنکن اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔