1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں نئے انتخابات تک عبوری حکومت کی امریکی تجویز

9 مارچ 2021

امریکی تجویز کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے لیے نئے آئین پر اتفاق اور انتخابات منعقد ہونے تک ایک نئی عبوری حکومت موجودہ حکومت کی جگہ لے گی اور ایک مشترکہ کمیشن جنگ بندی کی نگرانی کرے گا۔

https://p.dw.com/p/3qNPO
USA Außenminister Antony Blinken
انٹونی بلنکنتصویر: Andrew Caballero-Reynolds/REUTERS

تاہم افغانستان میں امن منصوبے کے حوالے سے امریکہ کی نئی تجویز کے اہم نکات پر باہم متحارب دھڑوں میں اختلافات پائے جاتے ہیں اور کسی بھی فریق نے ان تجاویز پر اب تک باضابطہ کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی سفیر زلمے خلیل زاد نے 'عبوری امن حکومت‘ کے حوالے سے ایک تجویز گزشتہ ہفتے افغان صدر اشرف غنی، اپوزیشن اور سول سوسائٹی کے رہنماوں اور طالبان کے مذاکرات کاروں کو پیش کی تھی۔ تاہم ابھی تک اس مسودے پر کسی فریق کا کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ افغانستان میں نجی حلقے البتہ اسے کابل حکومت کے لیے ایک مشکل تجویز قرار دے رہے ہیں۔

تجویز میں کیا ہے؟

اس میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں امن معاہدے کے رو سے کاروبارِ مملکت چلانے کے لیے ایک عبوری امن حکومت کا قیام عمل میں آئے گا جس میں دونوں فریقوں کو نمائندگی حاصل ہو گی۔ یہ عبوری انتظامیہ نیا آئین بننے کے بعد اور اقتدار مستقل حکومت کو منتقل ہونے تک قائم رہے گی۔

مسودے کے مطابق عبوری حکومت کے تحت موجودہ قومی پارلیمان کی یا تو توسیع کی جائے یا طالبان کے اراکین کو شامل کیا جائے یا نئے انتخابات تک معطل رکھا جائے۔

مسودے میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان”نہ تو دہشت گردوں کی میزبانی کرے گا اور نہ ہی اپنی سرزمین سے ایسی کسی طرح کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی اجازت دے گا جو دیگر ملکوں کے لیے خطرہ ثابت ہو اور طالبان کو اپنے محفوظ ٹھکانوں کو چھوڑنا پڑے گا اور ”پڑوسی ملکوں" سے فوجی رابطے ختم کرنے ہوں گے۔

Afghanistan USA Sonderbeauftragter Zalmai Khalilzad Abdullah Abdullah
امریکا کے خصوصی سفیر زلمے خلیل زاد اور افغان اعلی کونسل برائے قومی مفاھمت کے سربراہ عبداللہ عبداللہتصویر: Presseabteilung des Hohen Friedensrates

مسودے میں جنگ بندی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ معاہدے کے فوراً بعد فریقین کی جانب سے مکمل جنگ بندی ہوگی اور طالبان افغانستان کے اندر اور دوسرے ملکوں میں قائم اپنا تمام جنگی انفراسٹرکچر ختم کرنے کے پابند ہوں گے، کوئی حریف بھی ملیشیا نہیں بنا سکے گا اور نہ ہی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی صورت میں جواب دے گا بلکہ جنگ بندی کمیشن سے رجوع کرے گا۔

جنگ بندی کی نگرانی اور اسے یقینی بنانے کے لیے فریقین کے چار چار نمائندوں اور ایک صدر کے نمائندے پر مشتمل جنگ بندی کمیشن بنایا جائے گا۔

 امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چند روز قبل افغان صدر اشرف غنی کو ایک خط کے ذریعے اس تجویز سے آگاہ کیا تھا۔ بلنکن نے اپنے خط میں لکھا تھا: ”ہم اقوام متحدہ سے خواہش کا اظہار کریں گے کہ افغانستان میں امن کے قیام پر اتفاق رائے کے لیے امریکا، روس، چین، بھارت، ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس طلب کرے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اگلے مرحلے میں حکومت اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان ترکی کے شہر استنبول میں مذاکرات کا آغاز ہوگا، جن میں واشنگٹن کی شراکت اقتدار کی تجویز کی بنیاد پر گفتگو ہوگی۔

افغانستان میں طالبان کی قیادت میں زندگی کیسی ؟

صدر اشرف غنی کا ردعمل

کابل میں صدارتی محل کے ایک اعلی عہدیدار سمیت چار سیاسی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرامریکا کی جانب سے تجویز کا مسودہ پیش کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ طلوع نیوز اور افغانستان کے دیگر میڈیا اداروں نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

کابل میں صدارتی محل کے ایک اعلی عہدیدار نے پیر کے روز کہا کہ صدر اشرف غنی نے عبوری حکومت کے لیے اپنا عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا”ہم کسی کانفرنس یا سیاسی معاہدے کے ذریعہ قائم کسی عبوری نظام کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔"

طالبان نے بھی جنگ بندی اور انتخابات کو مسترد کر دیا ہے۔ طالبان کے ایک رہنما نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسند گو کہ عبوری حکومت میں شامل نہیں ہوں گے لیکن وہ اس طرح کی حکومت کے خلاف بھی نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال فروری میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان قطر کے شہر دوحہ میں افغانستان میں قیام امن سے متعلق ایک معاہدہ ہوا تھا، جس میں طالبان اور کابل حکومت کی جانب سے قیدیوں کے تبادلے کے علاوہ بین الافغان مذاکرات اور یکم مئی تک افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر اتفاق ہوا تھا۔

اسی معاہدے کے تحت گزشتہ ستمبر میں دوحہ میں کابل حکومت اور افغان طالبان کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات شروع ہوئے، جو تاحال گفتگو کا ایجنڈا طے کرنے کے مرحلے پر ہی رکے ہوئے ہیں۔

ج ا/ ص ز  (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

’ایسے کھیل پاکستانی اور افغان عوام کو قریب لا سکتے ہیں‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید