1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافغانستان

افغانستان میں زلزلہ: ہلاکتیں دو ہزار سے تجاوز کر گئیں

8 اکتوبر 2023

افغانستان کے مغربی حصے میں ہفتے کے روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ طالبان حکومت کے مطابق زخمیوں کی تعداد نو ہزار سے زیادہ ہے۔

https://p.dw.com/p/4XG0t
Afghanistan Erdbeben in Herat-Provinz
تصویر: MOHSEN KARIMI/AFP

افغانستان  میں قائم طالبان حکومت کی آفات اور حادثات سے نمٹنے والی وزارت کے ترجمان ملا جانان سائق کے مطابق اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2,053 جبکہ زخمیوں کی تعداد 9,240 ہے۔ ترجمان کے مطابق اس زلزلے میں 1,329 گھر اور عمارات جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔

افغانستان کی انفارمیش اور کلچر منسٹری کے ایک اہلکار عبدالواحد ریان نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ 'زخمیوں کی تعداد کافی زیادہ ہے‘۔

افغانستان میں 6.3 کی شدت کا زلزلہ، کم از کم 320 افراد ہلاک

خیال رہے کہ ہفتے کی شام تک ہلاکتوں کی تعداد محض 16 بتائی گئی تھی تاہم ہفتے کی صبح ریڈ کراس کی طرف سے بتائی گئی ہلاکتوں کی تعداد 500 تھی۔ ملا جانان سائق کے مطابق ایرانی سرحد کے قریب اس وقت بھی 10 ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

افغان بچے اور خواتین کھلے آسمان تلے رات گزارتے ہوئے
اقوام متحدہ کے ترجمان اشٹیفان ڈوشیری نے نیویارک میں بتایا کہ گوٹیرش نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلے سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کرے۔تصویر: MOHSEN KARIMI/AFP

ہفتہ سات اکتوبر کو آنے والے زلزلے کا مرکز ہرات شہر سے 35 کلومیٹر شمال مغرب میں 25 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی۔

ہرات کے محکمہ صحت کے ایک اہلکار ڈاکٹر دانش کے مطابق 200 سے زائد ہلاک شدہ افراد کو مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا ہے اور یہ کہ ان میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

افغانستان: بھوک و افلاس سے بھرا ایک اور موسم سرما

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اشٹیفان ڈوشیری نے نیویارک میں بتایا کہ گوٹیرش نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلے سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کرے۔

افغانستان میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں خصوصاﹰ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کے آس پاس۔ گزشتہ برس جون میں صوبہ پکتیکا میں 5.9 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ہزارہا افراد بے گھر ہوئے تھے۔

ا ب ا/ک م (ڈی پی اے، روئٹرز)