1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’افریقہ کپ آف نیشنز‘ کا آغاز ہوگیا

20 جنوری 2013

بر اعظم افریقہ کے مؤقر ترین فٹ بال ٹورنامنٹ ’افریقہ کپ آف نیشنز‘ کا آغاز ہفتے کے روز غیر معمولی سرد موسم اور بنا گول کے میچوں سے ہوا۔

https://p.dw.com/p/17NfZ
تصویر: picture-alliance/dpa

ہفتے کے روز انتیسویں ’افریقہ کپ آف نیشنر‘ کا آغاز جنوبی افریقہ میں ہوگیا۔ اس ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کا میچ کیپ ویردے آئیلینڈز کی ٹیم سے ہوا۔ یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ کیپ جزائر کی ٹیم کا یہ پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔ مراکش اور انگولا کا میچ ہفتے کے روز کھیلے جانے والا سب سے سنسنی خیز میچ تھا تاہم یہ میچ بھی بغیر کسی گول کے بے نتیجہ رہا۔

ٹورنامنٹ کا آغاز انتہائی سرد موسم اور بارش کے ساتھ ہوا۔ اس کے باوجود میچوں کے دوران تماشائیوں کے جوش و خروش میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی۔

کیپ جزائر کے کوچ نے میچ ڈرا ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ ’گروپ اے‘ میں انگولا اور مرکش کے خلاف بھی ان کی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا: ’’میرے لیے یہ ایک کامیاب مشن تھا۔ ٹیم بہت عمدہ کھیلی اور اس نے وہ کام کیا جو وہ یہاں کرنے آئی تھی۔ اب ہم مراکش کے خلاف اپنے اگلے میچ پر توجہ دیں گے۔‘‘

Africa Cup Angola Marokko
مراکش اور انگولا کا میچ ہفتے کے روز کھیلے جانے والا سب سے سنسنی خیز میچ تھاتصویر: picture-alliance/dpa

اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے کے بارے میں کوچ کے تاثرات کچھ یوں تھے: ’’میں بہت خوش ہوں۔ کھلاڑی بے حد خوش ہیں اور ہمارا تکنیکی عملہ بھی۔ ہم نے آج اپنے ملک کی آبرو میں اضافہ کیا ہے۔ ہمارا پانچ لاکھ افراد پر مشتمل ایک چھوٹا سا ملک ہے تاہم ہم نے آج اس کا نام روشن کیا ہے۔‘‘

دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کوچ نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میچ کے دونوں ہاف میں ان کی ٹیم اچھا نہیں کھیلی۔ ’’بعض کھلاڑی منجمد دکھائی دیے اور بعض پریشان۔ بعض کے لیے شاید اس ٹورنامنٹ کی اہمیت بہت زیادہ تھی اور اس باعث وہ اچھا نہیں کھیل سکے۔‘‘

جنوبی افریقہ کے کوچ نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم کی کارکردگی آئندہ میچوں میں بہتر ہو گی۔ انہوں نے کیپ جزائر کی ٹیم کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کے بہت سے کھلاڑی یورپ میں کھیلتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا دفاع متاثر کن تھا۔

shs/ng (Reuers, AFP)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید