1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرسٹیانو رونالڈو سعودی فٹبال کلب النصر میں شامل ہو گئے

31 دسمبر 2022

دنیا کے معروف فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو النصر کی نیلے اور پیلے رنگ کی ٹی شرٹ پکڑے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کی پشت پر ان کا پسندیدہ نمبر سات تھا۔ انہوں نے النصر کے ساتھ کروڑوں ڈالر کی مالیت کا معاہدہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4Laza
Fussball Sport l Auszeichnung l Spieler Cristiano Ronaldo
تصویر: Patricia de Melo Moreira/AFP

پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر کی ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ سعودی کلب النصر نے جمعے کے روز اس کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے فارورڈ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سے ایک معاہدہ کر لیا ہے۔

میں کہیں نہیں جا رہا، کرسٹیانو رونالڈو

کلب نے ٹویٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے، جس میں رونالڈو ٹیم کی جرسی پکڑے ہوئے ہیں۔ کلب نے رونالڈو کا ٹیم میں خیر مقدم کرتے ہوئے لکھا کہ ایک ’’نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔‘‘

میسی یا رونالڈو، بڑا کھلاڑی کون؟ بحث کا نتیجہ قتل

کلب نے کہا، ’’یہ ایک ایسا معاہدہ ہے جو نہ صرف ہمارے کلب کو مزید کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دے گا بلکہ ہماری لیگ، ہماری قوم اور آنے والی نسلوں، لڑکے اور لڑکیوں کو بھی، خود کو بہترین ورژن بننے کی ترغیب دے گا۔‘‘

میں دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک بننا چاہتا ہوں، رونالڈو

37 سالہ کھلاڑی نے جون 2025 تک النصر کلب کے ساتھ کھیلنے کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کی سالانہ مالیت 20 کروڑ یورو یعنی تقریبادو سو ملین سے زائد امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

ماضی میں مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور یووینٹس جیسے دنیا کے معروف فٹبال کلبوں کے لیے کھیلنے والے کھلاڑی نے کہا، ’’میں کسی دوسرے ملک میں ایک نئی فٹ بال لیگ دریافت کرنے کا انتظار نہیں کر سکتا۔‘‘

فٹبال کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک

رونالڈو سن 2009-2018 تک ریئل میڈرڈ کے لیے کھیلتے ہوئے بڑے اعزاز کے ساتھ سعودی عرب پہنچ رہے ہیں، جہاں انہوں نے دو لا لیگا ٹائٹلز، دو ہسپانوی کپ، چار چیمپئنز لیگ ٹائٹل، اور تین کلب ورلڈ کپ جیتے تھے۔

Saudi Arabien Cristiano Ronaldo vor Wechsel zu Al Nasssr
رونالڈو ارجینٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ہی طرح دنیا کے موجودہ عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک شمار کیے جاتے ہیںتصویر: Frank Hoermann/SVEN SIMON/picture alliance

ریئل میڈرڈ کے ساتھ اپنے وقت کے دوران انہوں نے کلب اور ملک دونوں کے لیے مجموعی طور پر 451 گول اور 800 سے زیادہ سینیئر گولز کرنے کا ریکارڈ بنایا۔

یووینٹس میں تین برس کے دوران انہوں نے دو سیری اے ٹائٹل اور ایک کوپا اٹالیہ ٹرافی جیتی تھی۔ اس کے بعد رونالڈو پھر مانچسٹر یونائیٹڈ کلب میں واپس آ گئے، جہاں وہ اپنے پہلے دور میں پریمیئر لیگ کا تاج، ایف اے کپ، دو لیگ کپ، چیمپیئنز لیگ، اور کلب ورڈ کپ جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔

گزشتہ نومبر میں ایک دھماکا خیز ٹی وی انٹرویو کے بعد مانچیسٹر یونائیٹڈ نے رونالڈو کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا تھا، جس میں انہوں نے کلب کے منیجر ایرک ٹین ہیگ اور کلب کے مالکان پر تنقید کی تھی۔

حال ہی میں دوحہ میں ختم ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد سعودی کلب میں ان کی واپسی ہو رہی ہے۔ قطر ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں ہی انہیں میدان سے باہر رہنا پڑا تھا، جبکہ کوارٹر فائنل میں پرتگال مراکش سے ہار گیا تھا۔

رونالڈو ارجینٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ہی طرح دنیا کے موجودہ عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک شمار کیے جاتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ چونکہ وہ 40 برس کی عمر میں ریٹائر ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، اس لیے قطر ورلڈ کپ ان کا آخری عالمی کپ ہونے کا امکان ہے۔ اس حساب سے کھیل کے لیے سعودی عرب جانا ان کے کیرئیر کے خاتمے کی علامت بھی ہو سکتا ہے۔

ص ز/ ع ت  (اے ایف پی، اے پی)