1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلحے کی بین الاقوامی نمائش ’آئیڈیاز 2012ء‘ کراچی میں

8 نومبر 2012

اسلحے کی بین الاقوامی نمائش ’آئیڈیاز 2012ء‘ پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں جاری ہے۔ اس نمائش میں شرکت کے لیے اسلحے کے تاجر دنیا بھر سے یہاں جمع ہیں۔ پہلے تین دن کے بعد یہ نمائش کراچی کے عوام کے لیے بھی کھول دی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/16fNI
تصویر: DW

گزشتہ روز نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے پاکستانی وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنی تقریر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کو کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں نے دفاعی چیلنجز سے متعلق سیمینار میں اظہار ِخیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر سکیورٹی کا منظر نامہ بڑی تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور اس نے پاکستان کو بھی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے غیریقینی حالات میں پاکستانی دفاعی صنعت کا ردعمل آئندہ پیش آنے والے چیلنجز کے مطابق ہو گا۔
سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے ’بے یقینی کے چیلنج اور عالمی ردعمل‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پاکستان کی جیو پولیٹیکل پوزیشن نے اسے بہت سے طوفانوں میں دھکیل دیا ہے اور پاکستان کو ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاعی صنعت کی سمت متعین کرنا ہوگی۔

اس نمائش میں 80سے زائد ممالک کے مندوبین شریک ہیں، جس میں 24 اعلیٰ سطح کے وفود بھی شامل ہیں۔ ان وفود کی قیادت ان ملکوں کے فوجی سربراہان اور وزراءکررہے ہیں۔ عالمی دفاعی نمائش میں پاکستان کی 74 کمپنیوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے 135 دفاعی کمپنیاں بھی شریک ہیں۔ پاکستان کی طرف سے وزارتِ دفاعی پیداوار نے بھی الخالد ٹینک، جے ایف تھنڈر جنگی لڑاکا جہاز سمیت اپنی کئی مصنوعات نمائش میں رکھی ہیں۔ ہیوی میکینکل کمپلکس کی طرف سے بکتر بند اور بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر اسی قسم کی مصنوعات شرکاء کی توجہ کا مرکز رہیں۔ نمائش کا مقصد دفاعی صنعت میں ٹیکنالوجی کی بدولت ہونے والی پیش رفت اور اہم تبدیلیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ کراچی میں ہونے والی ہتھیاروں کے اس نمائش میں شریک ممالک کے درمیان دفاعی اسلحے کی خرید و فروخت کے معاہدے طے پانے کا بھی امکان ہے۔

Messe IDEAS 2012
تصویر: DW
Messe IDEAS 2012
تصویر: DW

پاک فوج کے لیفٹننٹ جنرل ایاز سلیم رانا، جو ٹیکسلا میں واقع ہیوی انڈسٹریز کے چیرمین بھی ہیں، کہتے ہیں کہ شہروں میں ہونے والے مختلف آپریشنز میں بھی نمائش میں رکھی گئی کئی مصنوعات کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کے قیام کے لیے کیے گئے آپریشنز میں بلٹ پروف گاڑیوں میں انہی کے ادارے کی بنائی ہوئی مصنوعات استعمال کی گئی تھیں، جن سے کئی قیمتی جانیں بچ سکیں۔

رپورٹ: رفعت سعید،کراچی

ادارت: امتیاز احمد