1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی فٹ بالر کی ترکی میں گرفتاری

15 جنوری 2024

حماس جنگجوؤں کی طرف سے یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے سبب اسرائیل کے ایک معروف فٹ بالر کو ترکی میں ایک اہم میچ کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔

https://p.dw.com/p/4bGJz
Antalyaspor schließt israelischen Spieler Sagiv Jehezkel nach Erinnerung an Hamas-Angriff vom Kader aus
تصویر: Depo Photos/IMAGO

اسرائیلی فُٹ بال کھلاڑی کو انطالیہ میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔  ساگیو جیہیزکل نے گول کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی کلائی پر بندھی پٹی پر حماس  اسرائیل جنگ سے متعلق لکھے گئے ایک پیغام کی نمائش کی تھی۔ اسرائیلی فٹ بالر نے اپنی کلائی پر غزہ جنگ میں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر چند کلمات لکھے ہوئے تھے۔ اس پر انطالیہ میں ترک پولیس نے اُنہیں حراست میں لیا۔ دریں اثناء ترک پولیس کی اس کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے وزیر دفاع نے انقرہ حکومت پر 'حماس کے ڈی فیکٹو (ایگزیکٹیو بازو) کا کردار ادا کرنے کا الزام عائد کیا۔

اسرائیلی یرغمالی خاتون بحفاظت اپنے گھر پہنچ گئی

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گالانت نے ترکی کو یاد دلایا کہ گزشتہ سال ترکی میں آنے والے تباہ کُن زلزلے کے بعد اسرائیل کی طرف سے ترکی کو فوری طور سے مدد فراہم کی گئی تھی۔  اسرائیلی  وزیر کے بقول ترکی نے اسرائیلی فٹ بالر کو گرفتار کر کہ '' منافقت اور ناشکری‘‘ کا کھلا ثبوت دیا ہے۔

Antalyaspor schließt israelischen Spieler Sagiv Jehezkel nach Erinnerung an Hamas-Angriff vom Kader aus
اسرائیلی فٹ بالر ساگیو جیہیزکلتصویر: Depo Photos/IMAGO

اسرائیلی کھلاڑی کا پیغام کیا تھا؟

اسرائیلی فٹ بالر ساگیو جیہیزکل نے اپنی کلائی پر بندھی جس پٹی کی نمائش کی اُس پر اسرائیل پر حماس  کے حملے اور غزہ میں 130 سے زیادہ اسرائیلیوں کو یرغمال بنائے جانے والے ایام کی تعداد اور تاریخ کے حوالے کے طور پر ''100‘‘ دن اور  7.10 اور ایک ڈیوڈ اسٹار بنا تھا۔

ترک میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اتوار کو ترک فٹ بال کلب کی جانب سے اسرائیلی فٹ بالر کو برطرف کیا گیا، جس کے بعد ترک وزیر انصاف نے اسرائیلی فٹ بالر کے اس عمل کو ''نفرت پھیلانے اور اشتعال پر اکسانے‘‘ کی اس کوشش کے الزامات کے بارے میں تحقیقات کے احکامات بھی جاری کیے۔

حماس کے اسرائیل پر حملے، عام شہری اپنے پیاروں کی تلاش میں

اسرائیل کا ردعمل

اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 12 کی خبر کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور اسرائیلی وزارت خارجہ اس کھلاڑی کو اسرائیل لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023ء  کو حماس اور دیگر انتہا پسند گروپوں کے دہشت گردوں نے جنوبی اسرائیل  میں مہلک حملے کیے ۔ انہوں نے 1,200 افراد کو قتل کیا اور 250 کے قریب دیگر کو غزہ پٹی میں یرغمال بنالیا تھا۔ اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ  پٹی میں بڑے فضائی حملے اور زمینی کارروائی شروع کی۔ اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حماس کے زیر کنٹرول ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق اب تک وہاں تقریباً 24,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

Israel Tel Aviv | Marsch zum Gedenken an 100 Tage Gefangenschaft der Hamas-Geiseln
حماس کے قبضے میں موجود اسرائیلی یرغماوں کی رہائی کے لیے دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہےتصویر: Alexandre Meneghini/REUTERS

یاد رہے کہ اسرائیلی فٹ بالر ساگیو جیہیزکل اسرائیل کے بین الاقوامی کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دسمبر میں اسرائیلی فٹ بال لیگ Hapoel Beer Sheva سے ترک فٹ بال کلب انطالیہ سپور میں شمولیت اختیار کی تھی۔ رواں سیزن میں انہوں نے 13 گیمز میں 8 گول کیے ہیں۔

ک م/ ع ت(روئٹرز، اے ایف پی)