1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل کا فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے ساتھ نئی یہودی آبادکاری کا منصوبہ

عابد حسین27 دسمبر 2013

اسرائیل کی حکومت اگلے ہفتے کے دوران ایک طرف تو امن مذاکرات کے تناظر میں فلسطینی قیدیوں کے تیسری کھیپ کو رہا کرنے والی ہے تو دوسری جانب وہ نئی یہودی آباد کاری کے منصوبے کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1AhGD
نو نعمیر اسرائیلی عمارتیںتصویر: picture-alliance/dpa

جمعرات کے روز ایک اسرائیلی عہدیدار نے بتایا ہے کہ اگلے ہفتے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسیطنی قیدیوں کی تیسری کھیپ رہا کر دی جائے گا، تاہم اس موقع پر مزید یہودی بستیوں کی تعمیر کا اعلان بھی ہو گا۔ اسرائیل اور فلسطینی انتظامیہ کے درمیان جاری براہ راست امن مذاکرات کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید فلسیطنی قیدیوں کو بتدریج رہا کیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل اگلے ہفتے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم کے مقبوضہ علاقوں میں نئی یہودی آباد کاری کے لیے ٹینڈر جاری کرے گا۔

خیال رہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور یورپی یونین کی جانب سے تنقید کے باوجود چند روز قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ نئی یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رہے گی۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وہ نئی یہودی آباد کاری کے سلسلے میں تعمیر کے پروگرام کو ایک لمحے کے لیے نہیں بھی روکیں گے۔ نیتن یاہو کے مطابق وہ اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں مشغول ہیں اور یہ ملک کو مزید طاقتور بنانے کے علاوہ ترقی کے راستے کو مزید کشادہ کرے گا۔ انہوں نے اِن خیالات کا اظہار اپنی سیاسی جماعت لیکود پارٹی کے اراکین سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔

John Kerry und Mahmoud Abbas 05.12.2013
جان کیری اور فلسطینی لیڈر محمود عباستصویر: Reuters/Mohamad Torokman

اسرائیل کے اہم روزنامے ہاریٹز کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری اِس کوشش میں ہیں کہ وہ اسرائیلی حکومت کو نئے تعمیراتی منصوبوں سے دور رکھے تا کہ امن مذاکرات کا جو سلسلہ جولائی میں شروع ہوا ہے، وہ بحال رہے۔ امن مذاکرات کے معطل شدہ عمل کو بحال کرنے کے حوالے سے فلسطینیوں اور اسرائیلی حکومت کے درمیان جو مفاہمت طے پائی تھی، اُس کے تحت فلسطینیوں قیدیوں کی تیسری کھیپ میں 26 قیدی اتوار کو رہا کیے جا رہے ہیں۔ قیدیوں کے ناموں کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔ تیسری کھیپ کے بعد اگلی کھیپ اگلے سال مارچ میں رہا کی جائے گی۔

دوسری جانب غزہ میں فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے جمعرات کے روز دو راکٹ داغے گئے جو جنوبی اسرائیل میں گرے۔ اس واقعے کے بعد اسرائیلی کی جانب سے غزہ پٹی میں فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق غزہ سے داغے جانے والے یہ دونوں راکٹ ایک کھلے علاقے میں گرے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی بیان کے مطابق لڑاکا طیاروں نے غزہ میں ایک اسلحہ ساز فیکٹری اور اسلحے کے ایک گودام کو نشانہ بنایا۔ ادھر فلسطینی طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی کارروائی کے نتیجے میں ایک فلسیطنی زخمی ہوا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید