1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہاسرائیل

اسرائیل میں شتر مرغ کے سات ہزار برس پرانے انڈوں کی دریافت

12 جنوری 2023

اسرائیلی ماہرین کو شتر مرغ کے ساڑھے سات ہزار برس پرانے کئی انڈے ملے ہیں۔ اسرائیل میں آثار قدیمہ کے ملکی محکمے کے مطابق ہزاروں برس پرانے ان انڈوں کی تعداد آٹھ ہے اور وہ صحرائے نجف کے علاقے سے ملے۔

https://p.dw.com/p/4M5lt
ostrich eggs Israel Negev Desert
تصویر: Emil Aladjem/Israelische Altertumsbehörde/dpa/picture alliance

تل ابیب سے جمعرات 12 جنوری کو اسرائیل کی آثار قدیمہ کی اتھارٹی کے حوالے سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ یہ انڈے ثابت نہیں بلکہ شتر مرغ کے انڈوں کے چھلکے ہیں، جو ماہرین کو ایک قدیمی آتش دان کے قریب سے ملے۔

شتر مرغ کے انڈوں کے ان چھلکوں کے بارے میں ماہرین کا اندازہ ہے کہ وہ چار ہزار سال سے لے کر ساڑھے سات ہزار سال پرانے ہیں اور اس لیے بہت اچھی حالت میں ہیں کہ وہ بظاہر ہزاروں سال ریتلے ٹیلوں کے نیچے دبے ہوئے پڑے رہے۔

انسانوں کی تدفین: ہزاروں برس قبل افیون بھی استعمال ہوتی تھی

آثار قدیمہ کے اسرائیلی محکمے کے ڈائریکٹر امیر گورزالکزینی کے مطابق انڈوں کے ان چھلکوں کو قدرتی طور پر بہت اچھی حالت میں محفوظ رکھنے میں متعلقہ خطے کے انتہائی خشک موسم نے کلیدی کردار ادا کیا۔

قدیمی خانہ بدوشوں کی زندگی

ماہرین کے مطابق اس دریافت سے ماہرین کو یہ سمجھنے میں بڑی مدد ملے گی کہ اس خطے میں ہزاروں برس پہلے رہنے والے خانہ بدوش کس طرح کی زندگی گزارتے تھے۔ اس دور میں اس خطے میں شتر مرغ بہت بڑی تعداد میں پائے جاتے تھے۔

ostrich eggs Israel Negev Desert
ہزاروں برس پرانی یہ باقیات صحرائے نجف کے علاقے میں نیتزانا نامی مقام سے کچھ ہی فاصلے پر ملیں، جہاں سے مصری سرحد دور نہیںتصویر: Emil Aladjem/Israelische Altertumsbehörde/dpa/picture alliance

اسرائیل: فرعون مصر رعمسیس دوم دور کے نوادرات دریافت

اس خطے میں ان عظیم الجثہ پرندوں کی اپنے قدرتی ماحول میں پائی جانے والی نسل 19 ویں صدی میں ناپید ہو گئی تھی۔

گورزالکزینی نے بتایا کہ ماضی میں اس حوالے سے ملنے والے قدیمی شواہد کے مطابق مشرق وسطیٰ کے اس خطے میں شتر مرغ کے انڈے انسانی خوراک کے ذریعے کے علاوہ مختلف طرح کی اشیائے تعیش، زیورات اور پانی کے برتن تیار کرنے کے لیے بھی استعمال ہوتے تھے۔

شتر مرغ کا ایک انڈہ مرغی کے پچیس انڈوں کے برابر

گورزالکزینی نے بتایا کہ صحرائے نجف سے ملنے والے شتر مرغ کے ان آٹھ انڈوں کا آئندہ تفصیلی مطالعہ تو لیبارٹری میں کیا ہی جائے گا، تاہم یہ بات بھی اہم ہے کہ انڈوں کے یہ چھلکے جہاں سے ملے، وہاں وہ ایک خاص ترتیب سے رکھے ہوئے تھے۔

جارجیا میں 1.8 ملین سال پرانا انسانی دانت دریافت

انہوں نے بتایا کہ شتر مرغ کے ایک انڈے میں اتنی غذائیت ہوتی ہے، جتنی مجموعی طور پر مرغی کے تقریباﹰ 25 انڈوں میں۔

یہ دریافت کتنی اہم ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ماہرین کی جس ٹیم نے کھدائی کے دوران انڈوں کے یہ چھلکے دریافت کیے، ان کی سربراہ لارین ڈیوس نے کہا، ''میری رائے میں تو انڈوں کے ان چھلکوں میں سے ہر ایک اپنی اہمیت میں کم از کم بھی اتنا قیمتی ہے، جتنا کہ اس کے وزن کے برابر سونا۔‘‘

دریافت کی جگہ کی مذہبی اہمیت

جنوبی اسرائیل میں ماہرین کو ہزاروں برس پرانی یہ باقیات صحرائے نجف کے علاقے میں نیتزانا نامی مقام سے کچھ ہی فاصلے پر ملیں، جہاں سے موجودہ مصری ریاست کی سرحد بہت قریب ہے۔

مراکش میں انسانی تاریخ کے قدیم ترین زیورات دریافت

یہ جگہ جغرافیائی طور پر کادیش بارنیا نامی اس نخلستان سے بھی دور نہیں، جس کا مسیحیوں کی مقدس کتاب بائبل میں کئی جگہ ذکر ملتا ہے۔

تاریخی حوالے سے یہ صحرائی نخلستان اپنے بڑے قیمتی آبی وسائل کی وجہ سے بنی اسرائیل کے ان باشندوں کے لیے سفر کے دوران پڑاؤ کا ایک بہت اہم مقام تھا، جو مصر سے کنعان جا رہے تھے۔

م م / ا ا (ڈی پی اے، کے این اے)