1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

اسرائیل فلسطینی تنازعے کا دو ریاستی حل قبول کرے، یورپی یونین

22 جنوری 2024

یورپی یونین کے اعلیٰ ترین سفارت کار نے اسرائیلی حکام کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف فوجی طریقے سے امن قائم نہیں کر سکتا۔ یورپی یونین کے وزراء خارجہ پیر کو اعلیٰ اسرائیلی اور فلسطینی سفارت کاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

https://p.dw.com/p/4bXJA
EU Brüssel Josep Borrel
تصویر: Dursun Aydemir/Andalou/picture alliance

یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے آج پیر کے روز تنازعہ فلسطین کے ایک حتمی دو ریاستی حل پر اصرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل "صرف فوجی طریقے سے" امن قائم نہیں کر سکتا۔ ان کا یہ بیان اعلیٰ اسرائیلی اور فلسطینی سفارت کاروں کے ساتھ پیر کو برسلز میں طے شدہ بات چیت سے قبل سامنے آیا ہے۔

 یوزیپ بوریل نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی طرف سے غزہ میں جنگ  بندی کے بعد ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبات کو "ناقابل قبول" قرار دیتے ہوئے مسترد کرنے کی مذمت کی۔ بوریل نے کہا، "ہم جو کرنا چاہتے ہیں وہ ہے دو ریاستی حل کی مضبوطی تو آئیے اس کے بارے میں بات کریں۔"

انہوں نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ''امن اور استحکام صرف فوجی ذرائع سے قائم نہیں کیا جا سکتا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا، "ان(اسرائیلیوں) کے ذہن میں اور کون سے حل ہیں؟ تمام فلسطینیوں کو وہاں سے نکال دیا جائے؟ انہیں قتل کر دیا جائے؟"

Gazastreifen Zerstörung in Jabalia
غزہ میں جاری جنگ کے چوتھے ماہ میں داخل ہو جانے کے باوجود اس کے خاتمے کے آثار دکھائی نہیں دے رہےتصویر: Xinhua/IMAGO

برسلز میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں

سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے اچانک حملے اور اسرائیل کی جانب سے اس پر تباہ کن فوجی ردعمل نے مشرق وسطیٰ میں ایک تازہ ہنگامہ آرائی کو جنم دیا اور ایک وسیع تر علاقائی تنازعے کے خدشات کو  بھی بڑھا دیا ہے۔ ایسے میں جب اس خونریزی نے مسئلہ فلسطین کے ایک طویل المدتی حل کو نظروں سے اوجھل کر دیا ہے، یورپی یونین کے حکام کا اصرار ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کو حتمی طور پر حل کرنے کے بارے میں بات کی جائے۔

یورپی یونین کے 27 وزراء پیر کو سب سے پہلے اسرائیل کے وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز سے ملاقات کریں گے، اس سے پہلے وہ فلسطینی اتھارٹی کے اعلیٰ سفارت کار ریاض المالکی کے ساتھ الگ سے بیٹھیں گے۔ کاٹز اور مالکی کی ایک دوسرے سے ملاقات کی توقع نہیں ہے۔ مصر، اردن اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ بھی یورپی وزراء سے بھی بات چیت کریں گے۔

پائیدار حل کی تلاش

یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار نے کہا کہ انہوں نے بلاک کے وزراء کو ایک "جامع نقطہ نظر" پیش کیا ہے جس میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سمیت پائیدار امن کی تلاش کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بوریل نے جمعہ کے روز یہ الزام لگاتے ہوئے اسرائیل کے غضب کو جھیلنے کا خطرہ مول لیا کہ اس نے ایک ممکنہ فلسطینی ریاست کے امکانات کو کمزور کرنے کے لیے حماس کو "تخلیق" اور  اس کی "مالی اعانت" کی۔

Israel Tel Aviv | Joe Biden und Benjamin Netanjahu
اسرائیلی وزیر اعظم کا فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف سخت گیر موقف امریکہ سمیت ان کے مغربی اتحادیوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہےتصویر: Brendan Smialowski/AFP

 بوریل نے اصرار کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے جسے "باہر سے مسلط کیا جائے"۔ یورپی یونین کو غزہ کے تنازعے پر ایک متفقہ موقف اپنانے کے لیے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے کیونکہ یورپی بلاک میں شامل اسرائیل کے کٹر حامیوں جرمنی، اسپین اور آئرلینڈ، جیسے ممالک نے فوری جنگ بندی کے مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔

جنگ کے خاتمے کے 'ایک دن بعد'

یورپی یونین کے عہدیداروں  نے غزہ میں موجودہ جنگ کے خاتمے کے "ایک دن بعد"کے ممکنہ منظر نامہ کے لیے وسیع حالات کا خاکہ پیش کیا ہے، جس میں طویل مدتی اسرائیلی قبضے، حماس کی حکمرانی کے خاتمے اور علاقے کو چلانے میں فلسطینی اتھارٹی کے کردار کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ غزہ کی پٹی کو کنٹرول کرنے والی عسکریت پسند تنظیم حماس کے سات اکتوبر کو اسرائیل پر اچانک حملے کے نتیجے میں تقریباً 1,140 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

عسکریت پسندوں نے حملوں کے دوران تقریباً 250 افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا، جن میں سے 132 کے قریب اب بھی غزہ میں ہیں۔ حماس کے زیر انتظام غزہ میں وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی مسلسل فضائی اور زمینی کارروائیوں میں کم از کم 25,105 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

ش ر/ ع ت، رب (اے ایف پی)

ویسٹ بینک میں پرتشدد نقل مکانی کے خوف میں جیتے فلسطینی