اسحاق ڈار کی جائیداد نیلام کرنے کی اجازت
2 اکتوبر 2018احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج منگل دو اکتوبر کو اپنے فیصلے میں کہا کہ صوبہ پنجاب کی حکومت اسحاق ڈار کی جائیداد اور اثاثے اپنے قبضے میں رکھ سکتی ہے۔ اسحاق ڈار پر پاکستان اور بیرون ملک مالی اثاثے چھپانے کے مقدمات قائم ہیں۔ وہ گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے سے لندن میں مقیم ہیں۔ ڈار نواز شریف کے دور میں وزیر خزانہ تھے اور وہ سابق وزیر اعظم کے سمدھی بھی ہیں۔
پاکستانی سپریم کورٹ نے گزشتہ برس اپنے ایک فیصلے میں کہا کہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی مالیت 830 ملین روپے بنتی ہے، جو ان کے معلوم ذرائع آمدن سے کہیں زیادہ ہے۔ نواز شریف کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت جولائی 2017ء میں عدالت نے نا اہل قرار دے دیا تھا۔
جج محمد بشیر اس سے قبل بھی پیش نہ ہونے کی بنا پر اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکے ہیں۔ اسحاق ڈار لندن میں زیر علاج ہیں اور وہ بدعنوانی کے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔