1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سائنسشمالی امریکہ

ارجنٹائن میں سخت کھوپڑی والے ڈائنوسار کا ڈھانچا برآمد

26 فروری 2022

سائنسدانوں کو ارجنٹائن سے ایک ڈائنوسار کا ڈھانچا ملا ہے، جس کی اسپیشیز اب تک نامعلوم تھی۔ محققین کے مطابق یہ ڈائنوسار سخت کھوپڑی اور چھوٹے بازوؤں والے تھے۔

https://p.dw.com/p/47eFa
USA das Skelett eines Carnotaurus specimen
تصویر: Kevork Djansezian/Getty Images

محققین کا کہنا ہے کہ ارجنٹائن میں ملنے والے ڈائنوسار کا یہ ڈھانچا ستر ملین سال پرانا ہے، جب کہ یہ ڈھانچا گوشت خور ڈائنوسارز کی ایسی قسم سے تعلق رکھتا ہے، جو اب تک نامعلوم تھی۔ محققین کے مطابق یہ ڈائنوسار اپنے شکار کے خلاف اپنی نہایت سخت اور مضبوط کھوپڑی کا استعمال کرتا تھا جب کہ اس کے بازو بہت چھوٹے سے تھے۔

ڈائنوسارز کے بعد، اب کئی حیاتیاتی انواع کے ناپید ہونے کا خطرہ

میکسیکو میں ’پرامن مگر باتونی ڈائنوسار‘ کی باقیات کی دریافت

کریٹیشیوس دور کے اس ڈائنوسار کا نام گوئمیسیا اوچاؤئی رکھا گیا ہے۔ یہ  ڈھانچا محققین کو ارجنٹائن کے شمال مغربی سالٹا صوبے سے ملا۔  محققین کا کہنا ہے کہ یہ ڈائنوسار کے گوشت خور ابیلیسارز گروہ سے تعلق رکھتا ہے، جو دو ٹانگوں پر چلتے تھے، جب کہ ان کی اگلی ٹانگیں چھوٹی ہوتی تھیں۔ محققین کے مطابق ملنے والے ڈھانچے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈائنوسارز کی یہ قسم شمالی امریکا کے ٹیانوسارز ریکس سے مختلف ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس ڈائنوسار کے انتہائی چھوٹے بازو غالباﹰ اس کی انتہائی سخت اور مضبوط کھوپڑی پر اس کا انحصار بڑھاتے ہوں گے۔ جرنل آف ورٹیبریٹس میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ کے مرکزی مصنف فیدریکو آگولِن کے مطابق، ''یہ دیگر گوشت خور ڈائنوسار سے مختلف اور انوکھا ہے۔ اس سے ہم یہ سمجھ پائیں ہیں کہ ہم ڈائنوسار کی ایک بالکل نئی قسم کا مطالعہ کر رہے ہیں۔‘‘

ماہرین کا کہنا ہے کہ چھیاسٹھ ملین برس قبل ممکنہ طور پر ایک خلائی چٹان زمین سے ٹکرائی تھی، جس کی وجہ سے زمین پر موجود جانداروں کا تین چوتھائی ختم ہو گیا تھا، جن میں ڈائنوسارز بھی شامل تھے۔ اب تک ڈائنوسارز کی مختلف اقسام کے ڈھانچے شمالی اور جنوبی امریکا کے علاوہ افریقہ اور ایشیا سمیت کئی دیگر خطوں اور علاقوں سے مل چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق دریافت ہونے والے ڈائنوسار کی یہ قسم سونگھنے کی زبردست حس کی حامل تھی جب کہ ممکنہ طور پر فقط قریب ہی دیکھنے کی اہل تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے بڑے پیر اور نہایت چھوٹے بازو بتاتے ہیں کہ یہ دو ٹانگوں پر چلنے والی قسم تھی۔

ڈائنوسار کا نام 'گوئمیسیا اوچاؤئی‘ ارجنٹائن کے آزادی کے ہیرو مارٹن میگوئل ڈے گوئمیس (دیے گئے نام کا پہلا حصہ)  اور اس ڈھانچے کی دریافت کرنے والے خاویئر اوچاؤ (دیے گئے نام کا دوسرا دوسرا حصہ) سے منسوب ہے۔

ع ت، ب ج  (روئٹرز)