1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ادب و ثقافت کی دنیا سے، مختصر مختصر

امجد علی1 نومبر 2013

قطر کی شہزادی 2013ء کے لیے فنونِ لطیفہ کے شعبے کی با اثر ترین شخصیت قرار، تیس اکتوبر کو نامور پاکستانی موسیقار خواجہ خورشید انور کی برسی منائی گئی اور جرمنی میں مانہائم ہائیڈل برگ فلمی میلہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/1AAD0
عرب خلیجی ریاست قطر کی شہزادی شیخہ المیاسہ بنت حماد بن خلیفہ الثانی کو 2013ء کے لیے فنونِ لطیفہ کے شعبے کی با اثر ترین شخصیت چنا گیا ہے
عرب خلیجی ریاست قطر کی شہزادی شیخہ المیاسہ بنت حماد بن خلیفہ الثانی کو 2013ء کے لیے فنونِ لطیفہ کے شعبے کی با اثر ترین شخصیت چنا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

خواجہ خورشید انور کی انتیسویں برسی

حال ہی میں پاکستانی فلموں کے لیے خوبصورت گیتوں کی موسیقی ترتیب دینے والے نامور موسیقار خواجہ خورشید انور کی برسی منائی گئی۔ اکیس مارچ 1912ء کو جنم لینے والے خورشید انور نے فلسفے میں ایم اے کرنے کے بعد انڈین سول سروس کا امتحان بھی پاس کر لیا لیکن پھر حالات انہیں موسیقی کی دنیا میں لے گئے، جہاں وہ باقاعدہ یہ فن سیکھنے کے بعد آل انڈیا ریڈیو سے وابستہ ہو گئے۔ اگرچہ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران اردو اور پنجابی کی صرف اٹھارہ فلموں کے لیے موسیقی دی لیکن اپنے گیتوں کے ذریعے پاکستانی فلمی صنعت پر لازوال نقوش چھوڑ گئے۔ خواجہ خورشید انور تیس اکتوبر 1984ء کو انتقال کر گئے تھے اور اسی مناسبت سے حال ہی میں اُن کی انتیسویں برسی منائی گئی۔

Filmfestival Mannheim Internationaler Wettbewerb Stadthaus Mannheim
جرمنی میں باسٹھ واں بین الاقوامی مانہائم ہائیڈلبرگ فلمی میلہتصویر: IFFMH

جرمنی میں باسٹھ واں بین الاقوامی مانہائم ہائیڈلبرگ فلمی میلہ

اکتیس اکتوبر سے جرمنی میں باسٹھ ویں بین الاقوامی مانہائم ہائیڈلبرگ فلمی میلے کا آغاز ہوا ہے۔ اس میلے میں فلم کی دنیا میں نئی نئی قدم رکھنے والی شخصیات اور اُن کی فلموں کو مرکزی اہمیت دی جا رہی ہے۔ ’نیو کمر آف دی ایئر‘ کے مرکزی انعام کے لیے دنیا بھر سے سترہ فلمیں میدان میں ہیں۔ اس بار یہاں مجموعی طور پر چھیالیس فلمیں دکھائی جا رہی ہیں، جن میں آٹھ ایسی فلمیں بھی ہیں، جن کا ورلڈ پرییئر اسی میلے میں ہو رہا ہے۔

قطر کی شہزادی فنونِ لطیفہ کی با اثر ترین شخصیت قرار

خلیجی عرب ریاست قطر کے امیر کی بہن شیخہ المیاسہ بنت حماد بن خلیفہ الثانی کو 2013ء کے لیے فنونِ لطیفہ کے شعبے میں سرگرمِ عمل با اثر ترین شخصیت چنا گیا ہے۔ برطانوی دارالحکومت لندن سے شائع ہونے والے جریدے ’آرٹ ریویو‘ میگزین کے مطابق شیخہ المیاسہ کے پاس قطر کے عجائب گھروں سے متعلقہ محکمے کی سربراہ ہونے کے ناطے سالانہ ایک ارب ڈالر کا بجٹ ہوتا ہے، جو کہ گیلریوں اور فلمی میلوں وغیرہ پر خرچ کیا جاتا ہے۔ فنونِ لطیفہ کے شعبے میں ایک سو با اثر ترین شخصیات کی فہرست ہر سال جاری کی جاتی ہے۔

اکشے کمار کو نامعلوم افراد کی جانب سے فون پر قتل کی دھمکیاں

بھارتی فلم سٹار اکشے کمار گزشتہ کچھ روز سے خبروں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ایک سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اس چھیالیس سالہ اداکار کو حال ہی میں فون پر قتل کی دھمکیاں ملیں، بالکل اُسی طرح، جس طرح گزشتہ کچھ عرصے کے دوران فلمساز بونی کپور، فلمساز و ہدایتکار کرن جوہر، ہدایتکار رام گوپال ورما اور گلوکار سونو نگم کو مل چکی ہیں۔ پولیس ان دھمکیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Indien Akshay Kumar
اکشے کمار کو نامعلوم افراد کی جانب سے فون پر قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیںتصویر: AP

بھارتی اداکار اکشے کمار نے اخبار ایکسپریس ٹریبیون کے ساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بھارتی فلمی صنعت میں پاکستانی فنکاروں کی موجودگی کی یہ کہتے ہوئے بھرپور تائید و حمایت کی کہ کہ اُن کی وجہ سے بالی وُڈ میں تنوع آیا ہے اور انہوں نے بالی وُڈ کو کئی ایک یادگار گیت دیے ہیں۔

اکشے کمار نے یہ بھی کہا کہ وہ گزشتہ بیس برسوں سے پاکستانی اداکار عمر شریف کو دیکھتے اور اُن سے سیکھتے چلے آ رہے ہیں اور انہیں اِس دور کے بہترین مزاحیہ اداکاروں میں سے ایک مانتے ہیں۔

اپنے اس انٹرویو میں اکشے کمار نے اس امر کو بھی سراہا کہ پاکستانی فلمی صنعت پھر سے اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہی ہے۔