اجمل قصاب کا لکھا خط’’ پاکستانی سفیر کے حوالے‘‘
22 دسمبر 2008مزکورہ خط کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس میں اجمل قصاب نے یہ تسلیم کرلیا ہے کہ وہ پاکستانی باشندے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق قصاب نے خط کے ذریعے پاکستانی ہائی کمیشنر کے ساتھ ملنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا، PTI کے مطابق اجمل قصاب کا لکھا یہ خط نئی دہلی میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمیشنر افراسیاب کو سونپ دیا گیا ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق اجمل قصاب نے گُزشتہ ماہ ہونے والے ممبئی حملوں میں شرکت کی تھی اور اُس سے پوچھہ گچھ کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی مبینہ طور پر پاکستان میں کی گئی تھی۔
پاکستانی حکومت اس بات سے مسلسل انکار کرتی چلی آرہی ہے کہ پاکستان میں ممبئی حملوں کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
چھبیس نومبر کو بعض مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ممبئی کے فائیو سٹار ہوٹل تاج اور اوبیرائے میں پناہ حاصل کی تھی جس کے بعد بھارتی کمانڈوز اور مسلح افراد کے درمیان تین روز تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ان حملوں میں نو مسلح افراد سمیت 172 افراد مارے گئے تھے جن میں کچھ غیر ملکی بھی شامل تھے۔ ہوٹل تاج اور اوبیرائے کے علاوہ مسلح شدت پسندو ں نے ممبئی میں مقیم ایک یہودی مرکز پر بھی حملہ کیا تھا۔