1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین گراں پری کے فاتح جرمن چیمپئن فیٹل

27 مارچ 2011

موٹر ریسنگ کے فارمولا ون مقابلوں کے نئے سیزن کا آغاز ہو گیا ہے۔ اتوار کو ہونے والی سیزن کی پہلی ریس آسٹریلین گراں پری جرمنی سے تعلق رکھنے والے موجودہ عالمی چیمپئن سباستیان فیٹل نے جیتی۔

https://p.dw.com/p/10iB6
تصویر: picture-alliance/dpa

ریڈ بل ٹیم کی گاڑی چلانے والے فیٹل نئے سیزن میں عالمی چیمپئن کے طور پر اپنے اعزاز کا دفاع کر رہے ہیں۔ وہ آسٹریلین گراں پری کے کوالیفائنگ مرحلے میں بھی باقی تمام ڈرائیوروں سے آگے رہے تھے۔ اسی لیے انہوں نے میلبورن میں ہونے والی اس سال کی افتتاحی گراں پری میں پول پوزیشن سے حصہ لیا۔

آج اتوار کو فیٹل نے اتنی عمدہ ڈرائیونگ کی کہ سال رواں کے لیے فارمولا ون ڈرائیوروں کی عالمی چیمپئن شپ کی پہلی ریس میں وہ پہلے راؤنڈ سے لے کر اپنی فتح تک اس ریس پر چھائے رہے۔ میلبورن میں 23 سالہ فیٹل کی یہ کامیابی ان کے فارمولا ون کیریئر کی گیارہویں فتح تھی۔گزشتہ سیزن کے آخری دو گراں پری مقابلے بھی انہوں نے ہی جیتے تھے۔

Formel 1 GP Australien Vettel
میلبورن میں 23 سالہ فیٹل کی یہ کامیابی ان کے فارمولا ون کیریئر کی گیارہویں فتح تھیتصویر: picture alliance/dpa

نئے سال کی پہلی دوڑ میں سباستیان فیٹل کی فتح ان کی ان مقابلوں میں مسلسل تیسری کامیابی تھی۔ آج کی ریس میں فیٹل کے بعد دوسرے نمبر پر برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن رہے۔

وہ میکلارین ٹیم کی گاڑی چلا رہے تھے اور فیٹل سے 22.2 سیکنڈ بعد اپنی منزل تک پہنچے۔ ریس کے بعد فیٹل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے میلبورن میں کامیابی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

Sebastian Vettel 27.03.2011
سباستیان فیٹل کی فتح ان کی ان مقابلوں میں مسلسل تیسری کامیابی تھیتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے اس کامیابی کے لیے بڑی محنت کی اور آسٹریلین گراں پری میں کوالیفائنگ اور ریس میں پہلے نمبر پر آنا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ دوسرے نمر پر آنے والے ڈرائیور ہیملٹن نے کہا کہ ریس کے آخری راؤنڈز میں ان کی کوشش یہی تھی کہ ان کی گاڑی میں کوئی خرابی پیدا نہ ہو اور وہ یہ دوڑ اس طرح مکمل کریں کہ انہیں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس مل سکیں۔

ہیملٹن نے سن دو ہزار آٹھ میں آسٹریلین گراں پری جیتی تھی اور اسی سال وہ عالمی چیمپئن بھی بنے تھے۔آج کی ریس میں رینالٹ ٹیم کے ڈرائیور ویٹالی پیٹروف تیسرے نمبر پر رہے۔ ان کا تعلق روس سے ہے۔ ان کا فارمولا ون مقابلوں میں پہلی مرتبہ کسی گراں پری میں تیسرے نمبر پر آنا ایسا پہلا موقع تھا کہ کسی روسی ڈرائیور نے فارمولا ون کی کسی ریس میں پہلی تین پوزیشنوں میں سے کوئی پوزیشن حاصل کی۔

رپورٹ:عصمت جبیں

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں