آسٹریلین اوپن: روڈک اور سافینا سیمی فائنلز میں پہنچ گئے
27 جنوری 2009اینڈی روڈک نے دفاعی چیمپئن نواک جوکووچ کو چار سیٹس کے کھیل میں چھ سات، چھ چار، چار دو اور دو ایک سے شکست دے دی۔ جوکووچ ملبورن میں سخت گرمی کے باعث جسمانی طور پر مکمل فٹ دکھائی نہ دئیے اور تیسرے سیٹ میں انہیں ٹائم آؤٹ لے کر طبی مدد بھی حاصل کرنا پڑی۔ چوتھے سیٹ میں روڈک جیت رہے تھے جب جوکووچ شدید گرمی سے مرعوب ہو کر میچ سے دستبردار ہو گئے۔
خواتین کے انفرادی مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر تین دینارا سافینا نے آسٹریلیا کی ژیلینا ڈوکچ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
تین سیٹس کا یہ کوارٹر فائنل مقابلہ میں دو گھنٹے اور 19 منٹ تک جاری رہا۔ روسی کھلاڑی دینارا سافینا نے یہ میچ چھ چار، چار چھ اور چھ چار سے جیت کر ہوم فیوریٹ ڈوکچ کو اس ایونٹ سے باہر کر دیا۔
اس شاندار فتح کے بعد پندرہ ہزار تماشائیوں کے ہجوم میں دینارا سافینا کا کہنا تھا: ’’ مجھے افسوس ہے کہ میں نے آپ کی آسٹریلین ہم وطن کو شکست دے دی مگر مجھے امید ہے کہ اگلے میچ میں آپ میرا ساتھ دیں گے‘‘۔
سابقہ عالمی نمبر چار ڈوکچ کافی عرصے علالت اور فٹنس کے مسائل کے باعث دنیائے ٹینس سے باہر رہنے کے بعد ایک بار پھر کورٹ پر واپس لوٹی ہیں اور عالمی رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اس ایونٹ میں کئی عالمی کھلاڑیوں کو شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ژیلینا ڈوکچ نے کہا : ’’ میں نے عالمی نمبر تین کے ساتھ تین سیٹ کا کھیل کھیلا۔ یہ از خود ایک مثبت پیش رفت ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ان کے لئے یہ ٹورنامنٹ نہایت بہترین رہا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ کچھ مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکنے پر انہیں مایوسی بھی ہوئی۔
سیمی فائنل میں روس کی دینارا سفینا کا مقابلہ ان کی ہم وطن اور عالمی نمبر سات کھلاڑی Vera Zvonareva سے ہو گا۔