1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آتش فشاں کی راکھ کے باعث پروازوں کا سلسلہ بدستور شدید خلل کا شکار

رپورٹ: امجد علی /ادارت: کشور مصطفےٰ19 اپریل 2010

جرمنی کے فضائی سلامتی سے متعلق ادارے نے جرمنی کی فضائی حدود میں پروازوں پر پابندی کی مدت میں منگل صبح دو بجے تک کے لئے توسیع کر دی ہے۔ اِس سے پہلے اِس پابندی کا اعلان آج پیر کی شب آٹھ بجے تک کے لئے کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/N0Gx
تصویر: AP

اِس ادارے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندی میں توسیع یا عارضی طور پر پابندی کو نرم بنانے پر ابھی تک غور جاری ہے اور کوئی بھی فیصلہ موسم کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

دوسری جانب جرمنی اور کئی دیگر یورپی ملکوں کی فضاؤں میں طیاروں کی پروازوں پر عاید پابندی کے باعث فضائی کمپنیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان ناراض کمپنیوں کی جانب سے احتجاج بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے یورپ کی سب سے بڑی ایئر لائن ہے۔ اِس کے چیف ایگزیکٹو وولف گانگ مائر ہُوبر کے مطابق جن اعدادوشمار کی بنیاد پر پروازوں پر پابندی عاید کی گئی ہے، اُنہیں سنجیدگی سے نہیں لیا جا سکتا:’’اگر انگلینڈ کا کوئی ادارہ آئس لینڈ سے آنے والی آتش فشاں کی راکھ کے بارے میں حساب لگائے اور ہمیں یہ بتائے کہ جرمنی میں، ہینوور میں، ہیمبرگ میں، برلن میں کس گھنٹے کیا کچھ ہو گا، تو اُسے سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہیے۔‘‘

Vorstandsvorsitzender Wolfgang Mayrhuber Lufthansa
جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا کی مجلسِ عاملہ کے سربراہ وولف گانگ مائر ہوبرتصویر: picture-alliance/ dpa

جرمن ٹی وی چینل زیڈ ڈی ایف سے باتیں کرتے ہوئے مائر ہُوبر نے کہا کہ کوئی بھی جان بوجھ کر آتش فشاں کی راکھ کے اندر پروازیں نہیں کرنا چاہتا لیکن یہ کہ اُن کی کمپنی نے آزمائشی پروازیں کی ہیں اور نتائج اُس صورتحال سے بالکل مختلف ہیں، جو گذشتہ تین روز سے طیاروں کے لئے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بتائی جا رہی ہے۔

جرمنی کے سیاحت سے متعلق ایک بڑے ادارے ٹُوئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اُسے اب تک پروازوں پر پابندی کے باعث 23 ملین یورو کا نقصان ہو چکا ہے۔ ایئر پورٹ ایسوسی ایشن اے ڈی وی کا کہنا ہے کہ اُسے محصولات کی مَد میں روزانہ دَس ملین یورو سے زیادہ کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جرمن چیمبرز آف کامرس کے سرکردہ ماہرِ معاشیات فولکر ٹرائر کا اندازہ ہے کہ جرمن معیشت کو، جو یورپ کی سب سے بڑی معیشت ہے، روزانہ مجموعی طور پر ایک ارب یورو کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ پورے یورپ کے ساتھ ساتھ جرمنی میں بھی پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Bildergalerie EU-Kommissare Siim Kallas Vice President Administrative Affairs, Audit and Anti-Fraud Estonian
یورپی کمشنر سِم کالاس کا تعلق ایستونیا سے ہےتصویر: EU

اِسی دوران ٹرانسپورٹ کے جرمن وزیر پیٹرر رامزاؤئر نےاس امر کو ہدفِ تنقید بنایا ہے کہ فضائی کمپنیاں اپنے منافع کو مسافروں کی سلامتی پر ترجیح دے رہی ہیں۔ اِسی قسم کے مَوقف کا اظہارٹرانسپورٹ کے امور کے یورپی کمشنر سِیم کالاس نے کیا ہے:’’سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ یورپ میں ہمارے تمام تر تجزیے ماہرین اور آزاد اداروں کے فیصلوں اور سائنس پر مبنی ہیں۔ سب کچھ مروجہ اصولوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔‘‘

ساتھ ہی اُنہوں نے اعتراف کیا کہ فضائی سفر کی صنعت کو آتش فشاں کی راکھ سے ہونے والا نقصان اُس نقصان سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے، جو ان کمپنیوں کو دو ہزار ایک میں امریکہ پر دہشت پسندانہ حملوں کے نتیجے میں اٹھانا پڑا تھا۔ یورپی یونین میں شامل ممالک کے ٹرانسپورٹ سے متعلق وُزراء آج شام ایک ویڈیو کانفرنس میں اِس موضوع پر تبادلہء خیال کرنے والے ہیں۔