آئی فون فور میں سگنلز کا مسئلہ، ایپل پریشان
3 جولائی 2010چوبیس جون سے آئی فون فور عام صارفین کے لئے متعارف کروایا گیا، تاہم اس فون کے حوالے سے فوری طور پر ہی یہ شکایات سامنے آنا شروع ہو گئی تھیں، کہ اس فون کی سکرین سے سگنل کی نشاندہی کرنے والی بارز اچانک غائب ہو جاتی ہیں اور صارف فون نہیں کر پاتا۔
ایپل نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ سکرین سے سگنل کی نشاندہی کرنے والی یہ لکیریں غائب ہوجاتی ہیں تاہم ایسا نہیں کہ فون سگنلز وصول کرنا ہی بند کردیتا ہے۔
ایپل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈسپلے سے سگنل بارز غائب ہوتی ہیں، یہ ایک چھوٹی سی خرابی کی وجہ سے ہے تاہم سگنلز غائب نہیں ہوتے، فون ڈسپلے غلط نشاندہی کرتا ہے۔
مواصلات کی صنعت سے وابستہ ماہرین کا خیال ہے کہ آئی فون فور کی سکرین سے یوں سگنل بارز کا غائب ہو جانا، ممکنہ طور پر اس فون کو درپیش سگنل سے متعلق مسائل کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔
ایپل نے البتہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے سے فوری طور پر نمٹ لے گا۔ جو افراد یہ فون خرید چکے ہیں، انہیں بھی موقع دیا گیا ہے کہ وہ 30 روز کے اندر یہ فون لوٹا کر اپنی پوری رقم واپس لے سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی فون ایپل ادارے کی سب سے زیادہ کامیاب پراڈکٹ ہے۔ سکرین سے سگنل بارز میں سے ایک یا زیادہ کا غائب ہونا، کئی وجوہات کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ کمپنی کے بیان میں کہا گیا ہے، ’’ہم نے ان بارز کے غائب ہو جانے کی عکسی غلطی کی وجہ دریافت کر لی ہے۔ یہ غلطی نہایت سادہ لیکن حیران کن ہے۔‘‘
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : شادی خان سیف