1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئندہ انتخابات سے قبل بے نظیر کے تمام بچے عملی سیاست میں، بلاول

رفعت سعید، کراچی27 دسمبر 2013

آج گڑھی خدا بخش میں اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے اہم سیاسی اعلانات بھی کیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1AhXe
تصویر: picture-alliance/dpa

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی کے سلسلے میں رات گئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے ان کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

قیام پاکستان سے اب تک ملک میں سیاسی قوتوں کو لڑایا گیا ہے، آصف علی زرداری
قیام پاکستان سے اب تک ملک میں سیاسی قوتوں کو لڑایا گیا ہے، آصف علی زرداریتصویر: AP

برسی کی مرکزی تقریب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔ گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے خاندان کے مخصوص انداز میں تقریر کی۔ دوران تقریر ان پر اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کا رنگ غالب رہا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے وہ کام کیا جو اسٹیبلیشمنٹ نہ کرسکی: ’’ہم نے دنیا کو دکھایا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ماں کی قبر پر کھڑے ہوکر بھی نفرتوں کا کاروبار نہیں کیا۔ بلال بھٹو کا کہنا تھا کہ پنجابی اسٹیبلشمنٹ نہیں چاہتی تھی کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بکھرے ہوئے نہیں ہے ہم متحد ہیں۔ بلاول بھٹو نے ایوان پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پنجاب میں دہشتگردوں کا ساتھ دینا چھوڑ دیں گے تو میں بھی شیر کا نعرہ لگاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ جو دہشتگردوں کا یار ہے وہ غدار ہے۔

آج گڑھی خدا بخش میں دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی منائی جارہی ہے
آج گڑھی خدا بخش میں دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی منائی جارہی ہےتصویر: Abdul Sabooh

برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا قیام پاکستان سے اب تک ملک میں سیاسی قوتوں کو لڑایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا آج سب کو متحدہونا ہوگا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں آگے کی طرف دیکھنا ہوگا۔ دنیا ہم سے آگے چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کامیابی کے لیے وہ میاں صاحب کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب اعلان کیا گیا کہ بے نظیر بھٹو کے تمام بچے آئندہ انتخابات سے قبل عملی سیاست میں آ جائیں گے۔

بلاول بھٹو کے اس اعلان نے جہاں سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے وہیں دوسری جانب ماضی کی تلخیوں کے شکار پیپلزپارٹی کے جیالوں کے لیے بھی امید کی ایک کرن نمودار ہوئی ہے۔ مبصرین کے مطابق بلدیاتی انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ اقدام ناصرف پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں فائدہ دے گا بلکہ پیپلز پارٹی کی وہ ساکھ بھی بحال کرے گا جو گزشتہ دور حکومت میں خراب ہوئی تھی۔