1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرن مین تھری: نئی سپر ہٹ فلم

29 اپریل 2013

ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کی نئی فلم آئرن مین تھری نے امریکا سے باہر کے ملکوں کی سینما مارکیٹوں میں شائقین سے دل کھول کر پذیرائی حاصل کی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ فلم باکس آفس پر نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/18Ogi
تصویر: Reuters

آئرن مین سیریز کی نئی فلم گزشتہ برسوں میں ریلیز ہونے والی آئرن مین سیریز کا تیسرا حصہ ہے۔ یہ فلم سُپر ہیرو کی کیٹگری میں آتی ہے۔ آئرن مین تھری (Iron Man 3) فلم کو سردست امریکا سے باہر 42 سینما مارکیٹوں میں عام نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس فلم کی نمائش اگلے ہفتے کے دوران ہو گی۔ امریکا میں یہ دو مئی کو اور جرمنی میں پہلی مئی کو عام نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

Szenenbild aus dem Film Iron Man 2 Flash-Galerie
آئرن مین ٹُو میں سکارلٹ جوہانسن بھی تھیںتصویر: AP

عالمی منڈیوں میں اس فلم کو والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز کی جانب سے تقسیم کیا گیا ہے۔ آمدہ اطلاعات کے مطابق 42 سینما مارکیٹوں میں اس فلم کو 195.3 ملین ڈالر ابتدائی ایام میں حاصل ہوا ہے۔ عالمی سینما منڈی میں یہ 24 اپریل کے بعد سے وقفے وقفے سے مختلف ممالک میں ریلیز کی گئی ہے۔ آئرن مین تھری سے قبل رواں برس کے دوران عالمی سینما منڈی میں ریلیز کے باکس آفس ریکارڈ ایک اور سپر ہیرو فلم دی ایونجیرز (The Avengers) کے پاس تھا اور اس نے دنیا بھر کی 39 فلم مارکیٹوں میں 185 ملین سے زائد آمدن حاصل کی تھی۔ آئرن مین تھری کو سردست سب سے زیادہ پذیرائی ارجنٹائن میں حاصل ہوئی ہے۔

امریکی فلمی صنعت کے ناقدین کا خیال ہے کہ ابھی تک ہالی ووڈ کو گزشتہ سال کی طرح ابتدائی چار مہینوں میں کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے اور موسم گرما سے قبل ہالی ووڈ کے لیے یہ عرصہ سویا سویا سا دکھائی دیتا ہے۔ ناقدین کے خیال میں ایسا امکان ہے کہ آئرن مین تھری شاید سوئے ہوئے ہالی ووڈ کے منظر پر بڑی ہلچل مچا دے۔ والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز کے ڈیو ہولیز کا خیال ہے کہ آئرن مین تھری یقینی طور پر عالمی اور اندرون امریکا میں مقبولیت کی ایک نئی جہت مقرر کر سکتی ہے اور اگر ایسا ہوا ہو تو یہ ایک بڑی کامیابی ہو گی۔

Marvel-Comic-Verfilmung The Avengers
رواں برس سپر ہیرو سیریز میں دی ایونجیرز سپر ہٹ فلم قرار دی گئی ہےتصویر: Reuters

آئرن مین کا کردار سن 1993 میں اسٹین لی نامی ایک مصنف اور تدوین کار نے تخلیق کیا تھا۔ اس کردار پر مبنی پہلی فلم سن 2008 میں ریلیز کی گئی تھی۔ اُس فلم میں آئرن مین کا کردار رابرٹ ڈاؤنی جونئیر (Robert Downey Jr) نے ادا کیا تھا۔ اس سیریز کی دوسری فلم سن 2010 میں عام نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ اس میں بھی آئرن میں کا کردار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے ادا کیا اور اب تیسری فلم میں بھی وہی آئرن مین ہیں۔

اس فلم سیریز کی تینوں فلموں میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی ہیروئن گوئنتھ پالٹرو (Gwyneth Paltrow) چلی آ رہی ہیں۔ پہلے اور دوسرے حصے کے ہدایتکار جان فیورو (Jon Favreau) تھے۔ آئرن مین تھری کے ہدایتکار امریکی فلم انڈسٹری کے اداکار اور اسکرین رائٹر شین بلیک ہیں۔ بطور ہدایتکار ان کی پہلی فلم سن 2006 میں ریلیز ہوئی تھی اور اب خیال کیا جا رہا ہے کہ آئرن مین تھری کی کامیابی سے وہ مزید فلموں کی ہدیتکاری حاصل کر سکیں گے۔

(ah/zb(AP