1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرش مصنفہ نے اسرائیل کو اپنی کتاب کے ترجمے سے روک دیا

13 اکتوبر 2021

آئرلینڈ کی معروف ناول نگار سیلی رُونی نے اپنے نئے ناول کے ترجمے اور اشاعت کی اسرائیلی پبلشر کو اجازت نہیں دی۔ خاتون ناول نگار نے اس کی وجہ اسرائیل کے نسلی برتری کے نظام اور فلسطینیوں سے امتیازی سلوک کو قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/41d81
Irland | Irische Autorin | Sally Rooney
تصویر: Ullstein/dpa/picture alliance

30 سالہ آئرش مصنفہ اور اسکرین رائٹر سیلی رُونی انگریزی زبان کی مقبول ناول نگاروں میں شمار کی جاتی ہیں۔ ان کے تین ناول اب تک شائع ہو چکے ہیں۔ ان میں سے پہلا ناول سن 2017 میں چھپا تھا اور اس کا نام 'دوستوں سے مکالمت‘ (کنورسیشن وِد فرینڈز) تھا۔ دوسرا ناول سن 2018 میں 'عام افراد‘ (نارمل پیپل) کے عنوان سے شائع ہوا۔

تیسرا ناول رواں برس ستمبر میں شائع ہوا ہے، اس کا نام 'خوبصورت دنیا، تم کہاں ہو‘ (بیوٹیفُل ورلڈ، ویئر آر یُو) ہے۔ پہلے دونوں ناولوں کی طرح سیلی رُونی کے تیسرے ناول کو بھی قارئین نے خاصا پسند کیا ہے۔

ادب کا نوبل انعام تنزانیہ کے ادیب عبدالرزاق گورنا کے نام

سن 2017 میں انہیں جریدے 'سنڈے ٹائمز‘ نے سال کی بہترین نوجوان یا ینگ ادیبہ قرار دیا تھا۔ ان کے دوسرے ناول 'نارمل پیپل‘ کو سن 2018 کا بہترین آئرش ناول قرار دیا گیا۔ سیلی رونی کو سن 2019 میں ویمن پرائز فار فکشن سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

Buchvover | Irische Autorin | Sally Rooney
سیلی رونی کا تیسرا ناول رواں برس ستمبر میں شائع ہوا ہے، اس کا نام 'خوبصورت دنیا، تم کہاں ہو‘ (بیوٹیفُل ورلڈ، ویئر آر یُو) ہےتصویر: picture alliance/dpa/Claassen

اسرئیلی پبلشر کو اجازت نہ دینے کا معاملہ

سیلی رُونی کی ادبی نمائندگی وائلی ایجنسیز کو حاصل ہے۔ اس ایجنسی نے خاتوں ناول نگار کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا ہے اور اس میں واضح کیا گیا کہ مصنفہ خود سے عبرانی یا ہبریو زبان کے ماہر کو منتخب کر کے اپنے ناول کا ترجمہ کروانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ وہ اپنے نئے ناول کے ترجمے کی اجازت کسی اسرائیلی پبلشر کو دینے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ یہ امر اہم ہے کہ سیلی رُونی کے سابقہ دو ناول کے تراجم اور اسرائیل میں اشاعت کا ذمہ دار ایک مقامی اشاعتی ادارہ مودان تھا۔

اردو کے عظیم ادیب اور نقاد شمس الرحمان فاروقی انتقال کر گئے

سیلی رونی کی وضاحت

آئرلینڈ کی خاتون ناول نگار کا کہنا ہے کہ انہیں احساس ہے کہ ہر کوئی ان کے اس فیصلے کے ساتھ اتفاق نہیں کرے گا لیکن موجودہ حالات میں وہ اسرائیلی اشاعتی ادارے کی جانب سے ایک نیا کنٹریکٹ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں کیونکہ اس کمپنی نے نسلی تفریق کی اسرائیلی پالیسی سے کھل کر دوری اختیار نہیں کی اور فلسطینی قوم کے ان حقوق کی حمایت بھی نہیں کی جو اقوام متحدہ سے بھی تسلیم شدہ ہیں۔

 سیلی رُونی ماضی میں بھی فلسطینیوں کی حمایت کرتی رہی ہیں۔ آئرش مصنفہ کا فیصلہ سب سے پہلے معتبر اسرائیلی اخبارہاریٹس نے شائع کیا تھا۔

Buchvover | Irische Autorin | Sally Rooney
سیلی رونی کا پہلا ناول سن 2017 میں چھپا اور اس کا نام 'دوستوں سے مکالمت‘ (کنورسیشن وِد فرینڈز) تھاتصویر: Luchterhand Verlag/dpa/picture alliance

مودان ادارے کا ردعمل

اسرائیلی پبلشنگ ادارے مودان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مصنفہ (سیلی رُونی) کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ ان کے تیسرے اور نئے ناول کی اشاعت و ترجمے کی کوئی کوشش نہیں کی جائے گی۔ مودان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیل میں آئرش ادیبہ کے سابقہ دونوں ناولوں کو بہت پذیرائی ملی تھی اور وہ اب پوری طرح فروخت ہو چکے ہیں۔

معروف ہسپانوی ناول نگار خوآن مارسے انتقال کر گئے

اشاعتی ادارے نے ان دونوں ناولوں کی فروخت کے بارے میں کوئی اعداد و شمار ظاہر نہیں کیے کہ وہ کس تعداد میں چھاپے گئے تھے۔ اس دوران ایک اسرائیلی اہلکار نے اس پیش رفت کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔

ع ح/ا ب ا(اے پی)