1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

میں زندہ ہوں، ملا عبدالغنی برادر کا آڈیو پیغام

13 ستمبر 2021

طالبان کی جانب سے مقرر کیے گئے افغانستان کے نائب وزیر اعظم عبدالغنی برادر نے ایک آڈیو پیغام کے ذریعے اپنے زندہ ہونے کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ بھارتی سوشل میڈیا پر ان کی ہلاکت کی افواہ وائرل ہو گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/40G8I
تصویر: Alexander Zemlianichenko/AFP

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عبدالغنی برادر، جنہیں گزشتہ ہفتے ملا محمد حسن کا نائب مقرر کیا گیا تھا، نے ایک آڈیو پیغام میں اپنی ہلاکت سے متعلق خبروں کو ''جھوٹا پروپیگنڈا‘‘ قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا خاص طور پر بھارت میں ایسی افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ برادر کو صدارتی محل میں طالبان مخالف گروہوں کی جانب سے قتل کر دیا گیا تھا۔  برادر کی آڈیو کلپ میں کہا گیا ہے،''میری موت کی خبریں میڈیا میں شائع کی گئیں۔ میڈیا ہمیشہ جھوٹا پروپیگنڈا کرتا ہے۔ میں گزشتہ کچھ راتوں سے سفر میں ہوں، میں جہاں بھی ہوں، خیریت سے ہوں۔‘‘

اس آڈیو پیغام کی صداقت کی تصدیق نہیں کی جا سکتی لیکن یہ طالبان کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع کیا گیا ہے۔ طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخوندزادہ کے بارے میں بھی یہ خبریں تھیں کہ وہ کئی برسوں پہلے ہلاک ہو چکے تھے لیکن طالبان کے افغانستان پر قابض ہونے کے دو ہفتوں بعد ہی طالبان کی جانب سے یہ کہا گیا کہ وہ قندھار میں موجود ہیں۔