1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی: چھوٹا سا پاکستانی ریستوران ثقافتی زندگی کا اہم حصہ

3 جولائی 2022

ایک پاکستانی خاندان کا چھوٹا سا ریستوران دبئی کے اعلیٰ ترین ریستورانوں اور ہزاروں کھانے پینے کے مقامات کے باوجود اپنی انوکھی ساکھ کے سبب کئی سالوں سے مقبول ہے۔

https://p.dw.com/p/4Da4k
تصویر: Kamran Jebreili/AP/picture alliance

راوی ریستوران کی جڑیں جنوبی ایشیا کے ان کارکنوں کی کمیونٹی سے جڑی ہوئی ہیں جنہوں نے دبئی کی تعمیر میں مدد کی۔ کئی دہائیوں سے دبئی میں قائم یہ ریستوراں دبئی کی ثقافت کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے۔ راوی ریستوران نے متحدہ عرب امارات میں 1978ء میں دبئی میں اپنے دروازے ایسے وقت میں کھولے تھے جب یہ ریتلا علاقہ بڑی لاریوں اور چھوٹی تعمیراتی دکانوں سے بھرا ہوا تھا۔

Vereinigte Arabische Emirate | Pakistanisches Restaurant in Dubai in Kooperation mit Adidas
تصویر: Kamran Jebreili/AP/picture alliance

متحدہ عرب امارات 1970ء کی دہائی میں زیادہ تر ایک صحرائی سرزمین تھی جہاں بلند وبالا عمارات موجود نہیں تھیں۔ راوی ریستوراں نے بنیادی طور پر جنوبی ایشیائی تعمیراتی کارکنوں کو گھریلو طرز کی کھانے پیش کرنا شروع کیے۔ اس ریستوران کے بانی چوہدری عبدالحمید کے بیٹے وسیم عبدالحمید کا جو ریستوران کے آپریشنز مینیجر بھی ہیں کا کہنا، ''میرے والد محنت کش طبقے کے لیے بہتر کھانا فراہم کرنا چاہتے تھے۔‘‘ دبئی کے دیگر ریستورانوں کی نسبت یہاں ایک ڈش کی اوسط قیمت سات ڈالر ہے جو زیادہ تر افراد کے لیے بہت مناسب قیمت ہے۔

Vereinigte Arabische Emirate | Pakistanisches Restaurant in Dubai in Kooperation mit Adidas
تصویر: Kamran Jebreili/AP/picture alliance

گزشتہ برسوں کے دوران جب دبئی میں تیزی سے ترقی ہوئی تو یہ ریستوران اماراتیوں اور مغربی اور ایشیائی تارکین وطن کے درمیان بھی مقبول ہونے لگا۔

مشہور فوڈ نقاد انتھونی بورڈین نے سن 2010ء میں عالمی سطح پر اس ریستوران کو اور مقبول کر دیا جب انہوں نے اپنی ٹی وی سیریز کے لیے یہاں دورہ کیا۔ کچھ سال بعد مشہور ریپر گلوکار سنوپ ڈاگ نے بھی اسے دبئی کا اہم مقام قرار دیا۔

چکن بریانی، چکن تکا، دال اور نان کے ساتھ کئی ڈشز باورچی خانے سے باہر سروِس کاؤنٹر پر رکھی جاتی ہیں اور ویٹرز تیزی سے یہ کھانا گاہکوں کو پیش کرتے ہیں۔

Vereinigte Arabische Emirate | Pakistanisches Restaurant in Dubai in Kooperation mit Adidas
تصویر: Kamran Jebreili/AP/picture alliance

آیڈیڈاس اور راوی کی شراکت داری

جوتوں کی کمپنی آڈیڈاس نے راوی کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے سفید اور ہرے رنگ کا ایک خصوصی جوتا تیار کیا ہے۔ اس جوتے میں راوی ریستوران کا نام، اس کے کھلنے کی تاریخ اور کھانے کا مینیو بھی لکھا گیا ہے۔ وسیم عبدالحمید کے مطابق یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ ان کا ریستوران دبئی کی ثقافتی زندگی کا کتنا اہم حصہ ہے۔ ان کے مطابق، ''دبئی میں آپ لازمی ہمارے ریستوران میں کھانا کھانے آئیں گے، اسی لیے آڈیڈاس نے ہمیں چنا۔‘‘ تشہیر کا یہ انداز یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح آڈیڈاس جیسی کمپنیاں مقامی سطح پر مقبول کاروباروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں جو دونوں پارٹیوں کے لیے مزید فائدہ مند ہے۔

ب ج/ا ب ا (اے پی)

ابے کھاؤ، جہاں صرف اشاروں سے کیا جا سکتا ہے آرڈر