1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

پورٹو ریکو کے تقریباﹰ 113 سالہ ایمیلیو دنیا کے معمر ترین مرد

30 جون 2021

پورٹو ریکو کے تقریباﹰ 113 سالہ ایمیلیو فلوریس مارکیز اب دنیا کے معمر ترین مرد بن گئے ہیں۔ وہ 1908ء میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے معمر ترین زندہ مرد ہونے کا اعلان گینس ورلڈ ریکارڈز نے بدھ کے روز کیا۔

https://p.dw.com/p/3vpM3

ایمیلیو فلوریس مارکیز پورٹو ریکو کے دارالحکومت سان خوآن کے مشرق میں واقع شہر کیرولائنا میں 1908ء میں پیدا ہوئے تھے اور اس وقت ان کی عمر 112 سال 326 دن ہے۔

گینس ورلڈ ریکارڈز نے ایملیو کے اعزاز کی تصدیق کرتے ہوئے بدھ تیس جون کے روز اعلان کیا کہ پورٹو ریکو کے اس شہری کو دنیا کا معمر ترین زندہ مرد ہونے کا سرٹیفیکیٹ اس ادارے کی طرف سے ان کی جائے پیدائش سے چند کلو میٹر دور ان کی موجودہ رہائش گاہ پر پیش کیا گیا۔

 

ڈان میلو کی طویل العمری کا راز رحم دلی

ایمیلیو مارکیز کو ان کے دوست پیار سے 'ڈان میلو‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ جب ان سے ان کی طویل العمری کا راز پوچھا گیا تو ایمیلیو نے کہا کہ اس کی وجہ رحم دلی ہے۔

پاکستان، 103 سالہ بزرگ نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

گینس ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ایمیلیو نے کہا، ''میرے والد نے میری پرورش بڑی محبت سے کی اور مجھے ہر کسی سے محبت کرنا سکھایا۔ انہوں نے مجھے اور میرے بہن بھائیوں کو ہمیشہ دوسروں کے ساتھ اچھائی کرنے کی تلقین کی، سب کچھ بانٹنے کی ہدایت۔ میں سمجھتا ہوں کہ (ایک مسیحی باشندے کے طور پر) یسوع مسیح میرے اندر رہتے ہیں۔‘‘

اسکول میں تعلیم صرف تین سال تک

ایمیلیو کے والدین کے گیارہ بچے تھے۔ ان میں سے ایمیلیو دوسرے سب سے بڑے بچے اور سب سے بڑے بیٹے تھے۔ انہوں نے صرف تین سال تک اسکول کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی تھی اور پھر وہ اپنے والدین کی ملکیت گنے کے کھیتوں میں کام کرنے لگے تھے۔

دنیا کے اس معمر ترین زندہ مرد کی بیوی کا نام آندریا پیریز دے فلوریس تھا اور ان کا انتقال 2010ء میں ہوا تھا۔ ایمیلیو اور آندریا کے ہاں چار بچے ہیدا ہوئے تھے۔ جب ایملیو کی بیوی کا انتقال ہوا تھا، تب تک ان کی شادی کو 75 برس ہو چکے تھے۔

ایمیلیو سے پہلے یہ اعزاز رومانیہ کے شہری کے پاس تھا

ایمیلیو کے دنیا کا سب سے طویل العمر زندہ مرد بننے سے پہلے یہ اعزاز مشرقی یورپی ملک رومانیہ کے شہری دُومیترُو کومانَیسکُو کے پاس تھا۔ ان کا انتقال گزشتہ برس 27 جون کو ہوا تھا اور تب ان کی عمر 111 سال 219 دن تھی۔

ایک جزیرہ جہاں طویل اور صحت مند زندگی کا راز چھپا ہے

پچانوے سالہ خاتون، جرمنی کی معمر ترین کتب فروش

کومانَیسکُو  کے انتقال کے تین ماہ بعد گینس ورلڈ ریکارڈز کا ادارہ یہ تصدیق کرنے میں کامیاب ہوا تھا کہ ایمیلیو مارکیز دراصل کومانَیسکُو سے بھی تین ماہ پہلے ہیدا ہوئے تھے۔

گینس ورلڈ ریکارڈز کا موقف

گینس ورلڈ ریکارڈز کے ایڈیٹر ان چیف کریگ گلین ڈے نے اس حوالے سے کہا، ''ہمارے لیے یہ ہمیشیہ ہی ایک بڑا اعزاز ہوتا ہے کہ ہم ایسے شاندار انسانوں کے زندہ ہونے کی خوشی منا سکیں۔ اس سال ہمیں اس اعزاز کے لیے ایک کے بجائے دو ممکنہ امیدواروں کی طرف سے دی گئی درخواستوں کا مصدقہ حقائق کی بنیاد پر جائزہ لینا پڑا۔‘‘

'ہمیں خوشی ہے کہ اب یہ اعزاز پورٹو ریکو کے ایمیلیو فلوریس مارکیز کو ملا ہے۔‘‘

م م / ا ا (اے ایف پی، گینس ورلڈ ریکارڈ)

91 برس کی عمر ميں جمناسٹکس، واہ جی واہ